سٹی42: سابق نگراں وفاقی وزیر ڈاکٹر گوہر اعجاز نےسعودی پرنس منصور بن محمد ال سعود کے اعزاز میں ظہرانہ میں اہم خطاب کیا۔ اس ظہرانہ میں سعودی عرب کے پاکستان کے دورہ پر آئے ہوئے انویسٹرز کے ساتھ پاکستان کی بزنس کمیونٹی کی ممتاز شخصات شریک تھیں۔
اس ظہرانہ کا اہتمام بزنس مین فواد مختار نے کیا۔ ظہرانہ میں مہمانوں سے گفتگو کرتے ہوئے ڈاکٹر گوہر اعجاز نے کہا، پاکستان اور سعودی عرب کے مابین دو طرفہ سرمایہ کاری کے دروازے کھل رہے ہیں، پاک سعودیہ دو طرفہ کاروباری حجم کو بڑھانا ضروری ہے ۔اب سعودی سرمایہ کار پاکستان میں اعتماد کے ساتھ سرمایہ کاری کر رہے ہیں۔
سعودی عرب کے پرنس منصور بن محمد نے کہا کہ پاک سعودی دو طرفہ سرمایہ کاری کے لیے گوہر اعجاز کی کوششیں قابل قدر ہیں ۔ پاک سعودیہ جوائنٹ بزنس کونسل کے قیام میں گوہر اعجاز نے اہم کردار ادا کیا۔
پاکستانی بزنس مین فواد مختار نے کہا کہ پرنس منصور نے سعودی سرمایہ کاروں کو پاکستان میں اربوں ڈالرز سرمایہ کاری کے پلان کی تجاویز دی ہیں اُمید ہے اس پلان پر جلد عملدرآمد شروع ہوجائے گا پاکستان کو معاشی طاقت بنانے کے لیے سعودی پرنس کی کوششیں کامیاب ہوں گی۔
سعودی سرمایہ کاروں کے وفد نے پاکستان کے سرمایہ کاروں کے ساتھ ملاقات کی ہے۔
پرنس منصور بن محمد کے اعزاز میں چیئرمین پاکستان سعودیہ جوائنٹ بزنس کونسل فواد مختار نے ظہرانے کا اہتمام کیا۔ سعودی پرنس منصور بن محمد نے سرمایہ کاروں کے وفد کے ہمراہ ظہرانے میں شرکت کی جب کہ پاکستان کی 100 بڑی کاروباری شخصیات اور سرمایہ کاروں نے بھی ظہرانے میں شرکت کی۔