ہمارا واٹس ایپ چینل جوائن کریں

عوام پریشان ہے، اسی لئے نوازشریف واپس آرہا ہے, مریم نواز

Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

اویس کیانی،راؤ دلشاد: پاکستان مسلم لیگ (ن)کی سینئر نائب صدر اور چیف آرگنائزر مریم نواز شریف کی زیر صدارت لاہور کے سابق بلدیاتی رہنماؤں کا اجلاس منعقد ہوا، مریم نواز نے کارکنوں سے  21 اکتوبر کی تیاریوں سے متعلق  مشاورت کی ۔

 تفصیلات کے مطابق این اے 128 اور این اے 129 کی یونین کونسلوں کے چیئر مینوں ، کونسلروں اور کارکنوں سے  نواز شریف کے استقبال سے متعلق مشاورت کی گئی ، سابق اراکین قومی اسمبلی شیخ روحیل اصغر اور سردار ایاز صادق کے علاوہ سابق ارکان صوبائی اسمبلی غلام حبیب اعوان، ملک وحید احمد، خواجہ سلمان رفیق , رانا احسن شرافت اور باؤ اخترعلی بھی ملاقات میں موجود تھے۔

 اہم رہنماؤں کی اس ملاقات میں قائد محمد نواز شریف کی وطن واپسی پر استقبال کے انتظامات کا جائزہ لیا گیا، اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے مریم نواز کا کہنا تھا کہ عوام پریشان ہے، اسی لئے نوازشریف واپس آرہا ہے، پاکستان کی ترقی یقینی ہے کیونکہ نوازشریف واپس آرہا ہے، نوجوان ، مزدور، دیہاڑی دار بے روزگارہے، اسی لئے نوازشریف واپس آرہا ہے، مشکلات سے کیسے نکلیں؟ حل بتانے نوازشریف آ رہا ہے، دہشت گردی لوٹ آئی ہے، اسی لئے نوازشریف واپس آرہا ہے، نوجوان کو روزگار دینے والا نوازشریف واپس آرہا ہے، غریب کو سستا آٹا، سستی روٹی، سستی چینی، سستا گھی نوازشریف کی حکومت میں ہی ملا ہے، غریبوں کا ساتھی اور ہمدرد صرف نوازشریف ہے، سارے تجربے فیل ہوگئے، تجربہ ایک ہی کامیاب رہا ، وہ ہے نوازشریف، نوازشریف قوم کو اچھے دِن پھر دکھائے گا، اِن شاءاللہ، نوازشریف نے ایٹمی دھماکے کرکے دفاع ناقابل تسخیر بنایاتھا، 2024 سے 2029 کے پانچ سال میں پاکستان کو معاشی طورپر ناقابل تسخیر بنائیں گے، 4 اگست 2016 کو وزیراعظم نوازشریف نے آئی ایم ایف کو خداحافظ کہہ دیا تھا، نوازشریف نے آئی ایم ایف پروگرام مکمل کیا لیکن مہنگائی نہیں ہونے دی۔

 دوسری جانب سابق وزیراعظم اور پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر شہباز شریف نے نوجوانوں کے نام اہم پیغام جاری کیا ہے ،  شہباز شریف کا کہنا ہے کہ نوجوان پاکستان کا مستقبل ہیں، ان کا مستقبل ہمیشہ صرف نواز شریف نے سنوارا ہے،نوجوانوں کو ترقی دے کر پاکستان کی غربت کم کریں گے ،وزیراعظم نوازشریف کی قیادت میں پاکستان مسلم لیگ (ن) نے ہی نوجوانوں کو روزگار، تعلیم، ہنر اور امید کے تحفے دیئے،2013 سے2018 کے لئے وزیراعظم نواز شریف نے نوجوانوں کے لئے 20 ارب روپے کا 5سالہ تاریخی وزیراعظم یوتھ پروگرام شروع کیا تھا ۔

 سابق وزیر اعظم کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان کی 68 فیصد آبادی نوجوانوں پر مشتمل ہے، نوجوانوں کی اس غالب آبادی کو سنوارنا ہے، پڑھانا اور ہنرمند بنانا ہے، یہ صرف ہم کر سکتے ہیں ،دانش سکول جس طرح غریب اور محنتی طالب علموں کی زندگی بدل رہے ہیں، اب ان کا دائرہ پورے پاکستان تک پھیلائیں گے ،ہر نوجوان کو لیپ ٹاپ دیں گے تاکہ ملک میں انفارمیشن ٹیکنالوجی کا انقلاب لائیں ،2024 سے 2029 تک زراعت، آئی ٹی، معدنیات، توانائی کے شعبوں کو خاص طور پر ترقی دیں گے ،اگلے پانچ سال میں معیشت کو پیروں پر کھڑا کریں گے، مہنگائی سے عوام کو نجات دلائیں گے،نوجوانوں کو اس قابل بنائیں گے کہ وہ اپنا کاروبار کریں، نوکریاں دینے والے بنیں،نوجوانوں کو ہندمند بنائیں گے، ان کے لئے بیرون ملک روزگار کا بندوبست کریں گے۔