( عابد چوہدری ) آئی جی پنجاب انعام غنی نے عوامی مسائل کے حل کے لئے ہر ماہ کی پہلی تاریخ کو کھلی کچہریوں کے انعقاد کا حکم دے دیا، آئی جی پنجاب نے سی سی پی لاہور سمیت تمام آرپی اوز، سی پی اوز اور ڈی پی اوز کو مراسلہ بھجوا دیا۔
آئی جی پنجاب انعام غنی نے عوامی مسائل کے حل کے لئے ہر ماہ کی پہلی تاریخ کو کھلی کچہریوں کے انعقاد کا حکم دے دیا۔ آئی جی پنجاب نے سی سی پی لاہور سمیت تمام آرپی اوز، سی پی اوز اور ڈی پی اوز کو مراسلہ بھجوا دیا ہے۔ آئی جی پنجاب کا کہنا ہے کہ کھلی کچہریوں کے انعقاد سے قبل شہریوں کی آگاہی کیلئے مہم چلائے اور افسران ذاتی طور پر کھلی کچہریوں کا انعقاد کرکے لوگوں کے مسائل کا حل یقینی بنا کر انہیں انصاف فراہم کریں۔
ان کا کہنا ہے کہ سب ڈویزن لیول پر تمام سرکل افسران / ایس ڈی پی اوز کھلی کچہری کا انعقاد یقینی بنائیں۔ پسماندہ اور دودراز علاقوں میں کھلی کچہریوں کے بروقت اور بلا تعطل انعقاد پر بطور خاص توجہ مرکوز رکھی جائے۔ کھلی کچہریوں میں پیش ہونے والے تمام لوگوں کے کوائف اور انکی درخواستوں کا مکمل ریکارڈ باقاعدگی سے محفوظ کیا جائے۔
آئی جی نے مزید کہا ہے کہ کھلی کچہریوں میں ہونے والے فیصلوں اور اعلانات پر من و عن عمل درآمد افسران ذاتی نگرانی میں یقینی بنائیں جبکہ شہریوں کے مسائل کے بلا تاخیر حل کیلئے ہدایات پر عمل در آمد ہر صورت یقینی بناتے ہوئے ماہانہ پراگرس رپورٹس سنٹرل پولیس آفس بھجوائی جائیں۔