ویب ڈیسک : پاکستان نے سلمان علی آغا کی شاندار سنچری کی بدولت سری لنکا کو پہلے ون ڈے میچ میں جیت کیلئے 300 رنز کا ہدف دے دیا۔
پاکستان نے مقررہ 50 اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر 299 رنز اسکور کیے۔ سلمان آغا نے 105 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی۔
پنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے جارہے سیریز کے پہلے ون ڈے میچ میں سری لنکا نے پاکستان کیخلاف ٹاس جیت کر فیلڈنگ کا فیصلہ کیا ۔
قومی ٹیم کی جانب سے اننگز کا آغاز اوپننگ بیٹر فخر زمان اور صائم ایوب نے کیا تاہم چوتھے اوور کی پہلی گیند پر صائم ایوب 6 رنز بناکر پویلین لوٹ گئے۔جس کے بعد 18 ویں اوور میں فخر زمان بھی 55 گیندوں پر 32 رنز بناکر آؤٹ ہوگئے۔گرین شرٹس کی تیسری وکٹ 76 رنز پر گری۔ محمد رضوان 5 رنز بناکر پویلین لوٹ ہوگئے جبکہ بابر اعظم بھی 29 رنز بناکر ٹیم کا ساتھ چھوڑ گئے۔ایسے میں حسین طلعت اور سلمان علی آغا نے شاندار شراکت داری قائم کی اور ٹیم کا اسکور 233 رنز تک پہنچایا۔ پھر حسین طلعت 62 رنز بناکر آؤٹ ہوگئے۔
دوسری جانب سلمان علی آغا ڈٹے رہے اور شاندار سنچری اسکور کی۔انہوں نے 87 گیندوں پر 105 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی۔ اس کے علاوہ اختتامی اوورز میں محمد نواز بھی شاندار بیٹنگ کرتے ہوئے 23 گیندوں پر 36 رنز بناکر ناٹ آؤٹ رہے۔
پاکستان نے مقررہ 50 اوورز میں 5 وکٹوں پر 299 رنز اسکور کیے۔ سری لنکا کی جانب سے ونندو ہسارانگا نے 3 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔