(حافظ شہباز علی) چیف سلیکٹر کا عہدہ جاتے ہی مصباح الحق بھی بے توقیر ہونے لگے، انتظامیہ کی جانب سے قومی کرکٹ کے سابق کپتان اور چیف سلیکٹر مصباح الحق کو نظر انداز کیا جانے لگا۔
تفصیلات کے مطابق دورہ نیوزی لینڈ کیلئے بطور چیف سلیکٹر اپنی آخری پریس کانفرنس کے بعد جب مصباح الحق قذافی اسٹیڈیم کی فار اینڈ بلڈنگ سے نیچے آئے تو ان کو واپس لے جانے والی گاڑی پارکنگ میں موجود نہ تھی۔
انہوں نے سکیورٹی سٹاف کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ مجھے یہاں لانے والی گاڑی کدھر ہے، اب واپس کیسے جانا ہے۔ اس پر وہاں پر موجود میڈیا کے ایک نمائندہ نے اپنی گاڑی میں بورڈ کے مرکزی آفس چھوڑنے کی آفرکی جو مصباح الحق نے فوری طورپر قبول کرلی۔ ان کی روانگی کے تھوڑی دیر بعد مصباح الحق کو واپس لے جانے والی گاڑی آئی تو ڈرائیور کو بتایا گیا کہ مصباح الحق تو جاچکے ہیں۔
یاد رہے شہر میں سموگ کے باعث کرکٹ بھی متاثر ہونے لگی، سموگ کےسبب قومی انڈر 19 ٹورنامنٹ کے میچ ختم کر دئیے گئے۔ ایل سی سی اے گراؤنڈ پر میچ ختم کرنے کا اعلان کر دیا گیا، میچ کے تینوں روز ایک بھی گیند نہ ہو سکی جبکہ قذافی سٹیڈیم میں پہلے روز محض 5 اوورز کا کھیل ممکن ہو سکا۔