سرفراز کی واپسی،دورہ نیوزی لینڈ کیلئے قومی ٹیم کا اعلان

سرفراز کی واپسی،دورہ نیوزی لینڈ کیلئے قومی ٹیم کا اعلان
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

 سٹی42:قومی کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ اور چیف سلیکٹر مصباح الحق نے دورہ نیوزی لینڈ کے لیے پاکستان کے 35 رکنی اسکواڈ کا اعلان کردیا۔

35 رکنی حتمی قومی سکواڈ کا اعلان 12 اکتوبر کو نیوزی لینڈ کرکٹ کو بھجوائے گئے 45 ممکنہ کھلاڑیوں کے ناموں میں سے کیا گیا ہے۔ذیشان ملک، دانش عزیز، عمران بٹ اور عماد بٹ کو دورہ نیوزی لینڈ کے لیے اعلان کردہ سکواڈ کا حصہ بنایا گیا ہے۔ متاثرکن کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے عثمان قادر اور عبداللہ شفیق بھی سکواڈ میں جگہ برقرار رکھنے میں کامیاب رہے۔

سکواڈ میں شامل کھلاڑی قومی کرکٹ ٹیم اور پاکستان شاہینز دونوں کے لیے دستیاب ہوں گے۔ قومی سکواڈ 23 نومبر کو روانہ ہوگا۔پاکستان اور نیوزی لینڈ کے مابین 3 ٹی ٹوئنٹی اور 2 ٹیسٹ میچز پر مشتمل سیریز 18 دسمبر سے 7 جنوری تک جاری رہے گی۔اس دوران پاکستان شاہینز کو 2 چار روزہ اور 4 ٹی ٹونٹی میچز کھیلنے ہیں۔ پاکستان شاہینز کےدورہ نیوزی لینڈ کی مکمل تفصیلات نیوزی لینڈ کرکٹ جلد جاری کردے گا۔

دورہ نیوزی لینڈ کیلئے پاکستانی سکواڈ:

بابراعظم (کپتان)، محمد رضوان (نائب کپتان ٹیسٹ کرکٹ)، شاداب خان (نائب کپتان ٹی ٹونٹی انٹرنیشنل)، اظہر علی، سرفراز احمد (وکٹ کیپر)، محمد حفیظ، فواد عالم،عابد علی، عبداللہ شفیق، فخر زمان، امام الحق، شان مسعود، ذیشان ملک، دانش عزیز، حیدر علی، حارث سہیل، حسین طلعت، عمران بٹ،افتخار احمد، خوشدل شاہ، روحیل نذیر (وکٹ کیپر)، عماد وسیم، یاسر شاہ، عثمان قادر، ظفر گوہر، عماد بٹ، فہیم اشرف، حارث رؤف، محمد عباس، محمد حسنین، محمد موسیٰ، نسیم شاہ، شاہین شاہ آفریدی، سہیل خان اور وہاب ریاض۔

اسد شفیق کو ڈراپ کرنے کی وجہ ؟

قومی کرکٹ ٹیم کے چیف سلیکٹر اور ہیڈ کوچ مصباح الحق کا کہنا ہے کہ کوویڈ 19 کے باعث ہمیں نیوزی لینڈ میں 14 روزہ قرنطینہ کی مدت پوری کرنی ہے۔آئی سی سی ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن میں شامل نیوزی لینڈ کے خلاف دو ٹیسٹ میچز ہمارے لیے بہت اہمیت کے حامل ہیں، امید ہے کہ قومی کھلاڑی عمدہ کارکردگی کا تسلسل برقرار رکھتے ہوئے نیوزی لینڈ کے خلاف بہتر کھیل کا مظاہرہ کریں گے۔چیف سلیکٹر نے کہا کہ وہ عماد بٹ، دانش عزیز، عمران بٹ اور روحیل نذیر جیسے نوجوان کھلاڑیوں کو دورہ نیوزی لینڈ کے لئے اسکواڈ میں شمولیت پر مبارکباد پیش کرتے ہیں۔

مصباح الحق نے کہا کہ اسد شفیق کو غیرتسلی بخش بیٹنگ فارم کے باعث سکواڈ سے ڈراپ کیا گیا ہے، وہ اپنی آخری 15 اننگز میں 510 رنز ہی بناسکے ہیں، جس میں سے دورہ انگلینڈ پر صرف 67 رنز بنائے گئے۔چیف سلیکٹر اور ہیڈ کوچ نے کہا کہ اسد شفیق ایک تجربہ کار بلے باز ہیں اور ہم چاہتے ہیں کہ وہ فرسٹ کلاس کرکٹ میں بہتر کارکردگی کا مظاہرہ کرکےسرفراز احمد کی طرح اپنی کھوئی ہوئی فارم واپس حاصل کرسکیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ ہم نے شعیب ملک اور محمد عامر کی جگہ نوجوان کھلاڑیوں کو اسکواڈ میں شامل کیا ہے،یہ فیصلہ ہم نے آئندہ چند سالوں میں پانچ بڑے ایونٹس پر مبنی شیڈول کو سامنے رکھ کر کیا ہےجبکہ محمد حفیظ اور وہاب ریاض کو اسکواڈ میں برقرار رکھنے کی وجہ ان کی کارکردگی میں تسلسل ہے۔

Muhammad Zeeshan

Senior Copy Editor