علی ساہی: پنجاب میں پیشہ ور گداگروں کے خلاف بڑے پیمانے پر کریک ڈاؤن کی تیاری شروع کر دی گئی ہے، جس کے تحت لاہور سمیت صوبے بھر میں گداگروں کی جامع پروفائلنگ کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
پولیس حکام کے مطابق اس مہم کے دوران پیشہ ور گداگروں کے نیٹ ورکس کی مکمل چھان بین کی جائے گی، جس میں یہ بھی معلوم کیا جائے گا کہ ان کے سرغنہ کون ہیں اور وہ کتنے گداگروں کو منظم طریقے سے کنٹرول کر رہے ہیں۔
حکام نے ہدایت جاری کی ہے کہ گداگروں کو کب سے اور کس انداز میں استعمال کیا جا رہا ہے، اس حوالے سے تمام تفصیلات اکٹھی کی جائیں، جبکہ مجرمانہ سرگرمیوں میں ملوث عناصر کا مکمل کریمینل ریکارڈ بھی مرتب کیا جائے۔
ذرائع کے مطابق گزشتہ ایک سال کے دوران ہزاروں مقدمات درج ہونے کے باوجود گداگری پر مؤثر قابو نہیں پایا جا سکا، جس کے بعد حکمت عملی کو مزید سخت بنانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
اس سلسلے میں ڈی پی اوز اور سپیشل برانچ کو ہدایت کی گئی ہے کہ گداگروں کے منظم گروہوں کی پروفائلنگ مکمل کر کے تفصیلات آپریشنز برانچ کو ارسال کی جائیں۔
حکام کا کہنا ہے کہ پروفائلنگ مکمل ہونے کے بعد منظم گداگر گروہوں کے خلاف سخت اور مؤثر کارروائیاں عمل میں لائی جائیں گی۔