ویب ڈیسک: عیدِ قربان سے قبل مویشی منڈی میں ایک نایاب اور مہنگے بیل نے سب کی توجہ اپنی جانب مبذول کرالی، جہاں شہریوں کی بڑی تعداد اسے دیکھنے کے لیے پہنچ رہی ہے۔ اس بیل کی غیر معمولی قیمت اور جسامت نے اسے منڈی کا سب سے نمایاں جانور بنا دیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق کراچی میں ایشیا کی سب سے بڑی مویشی منڈی میں قربانی کے جانوروں کی آمد تیزی سے جاری ہے۔
منڈی انتظامیہ کے مطابق اب تک ایک لاکھ 30 ہزار سے زائد جانور لائے جا چکے ہیں، جبکہ ملک کے چاروں صوبوں سے روزانہ کی بنیاد پر بیل، اونٹ، دنبے اور بکرے منڈی کا رخ کر رہے ہیں۔
ایڈمنسٹریٹرطارق تنولی نے بتایا کہ حب ساکران سے آنے والے ایک بیوپاری کا لایا گیا منفرد بیل اس وقت سب کی توجہ کا مرکز بنا ہوا ہے۔ تقریباً 3 کروڑ روپے مالیت کے اس بیل کو دیکھنے کے لیے شہریوں کا رش لگا ہوا ہے، جبکہ بیوپاری اسے قدرت کا شاہکار قرار دے رہا ہے۔
انہوں نے مزید بتایا کہ بیوپاریوں اور خریداروں کی سہولت کے لیے منڈی میں 24 گھنٹے پانی کی فراہمی یقینی بنائی گئی ہے، تاکہ تمام جانوروں کو مناسب دیکھ بھال میسر ہو۔
انتظامیہ کے مطابق آئندہ دنوں میں جانوروں کی تعداد میں مزید اضافہ متوقع ہے، جس کے پیش نظر منڈی میں جگہ، سہولیات اور سکیورٹی انتظامات کو مزید بہتر بنایا جا رہا ہے۔