رائو دلشاد:وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر اپنے بیان میں صوبہ بھر میں جاری شجرکاری مہم کی کامیابی پر متعلقہ اداروں، افسران اور عوام کا شکریہ ادا کرتے ہوئے اسے پنجاب میں سبز انقلاب کی جانب ایک اہم پیش رفت قرار دیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ شجرکاری مہم کے نتیجے میں صوبے کی بنجر زمینیں سرسبز جنگلات میں تبدیل ہو رہی ہیں۔ وزیراعلیٰ کے مطابق پنجاب بھر میں اب تک 54 ہزار ایکڑ سے زائد رقبے پر 5 کروڑ سے زیادہ درخت لگائے جا چکے ہیں، جبکہ ابتدائی مرحلے میں 4 کروڑ درخت 41 ہزار ایکڑ سے زائد رقبے پر لگائے گئے اور صوبہ بھر میں 3 ہزار 85 درختوں کی قطاریں بھی قائم کی گئیں۔
مریم نواز نے کہا کہ پنجاب کی تاریخ میں اس نوعیت کے سبز انقلاب کی مثال نہیں ملتی اور 4 کروڑ درخت لگانا صرف ایک آغاز ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ آئندہ برسوں میں پنجاب جنگلات اور صاف ماحول کے حوالے سے ایک مثالی صوبہ بن کر ابھرے گا۔
وزیراعلیٰ نے مزید کہا کہ دو سالہ شجرکاری مہم ماحولیات کے تحفظ اور موسمیاتی تبدیلیوں کے اثرات کم کرنے کی جانب ایک بڑی کامیابی ثابت ہوئی ہے۔
انہوں نے کہا کہ شجرکاری نئی نسل کے لیے حکومت کی جانب سے ایک قیمتی تحفہ ہے، جبکہ جدید کٹنگ ایج ٹیکنالوجی کے استعمال سے پنجاب کے جنگلات کو محفوظ اور مؤثر انداز میں مانیٹر کیا جا رہا ہے۔