احمد منصور: آپریشن شعبان کے تحت فتنہ الخوارج کے دہشتگردوں کیخلاف سکیورٹی فورسز کی کارروائیاں جاری ہیں، ابھی تک کی تازہ کارروائیوں کے دوران 7خارجیوں کو ہلاک کرلیا گیا ہے۔
سیکیورٹی ذرائع کے مطابق پاک فوج، ایف سی بلوچستان اور پولیس کا مشترکہ آپریشن شعبان جاری ہے ، دشوار گزار راستوں اور پہاڑوں میں چھپے ہوئے خارجی دہشتگردوں کو ہوائی و زمینی ایکشنز کے ذریعے نشانہ بنایا گیا۔
آپریشن شعبان کے دوران ہلاک ہونے والے دہشتگردوں کی مجموعی تعداد 64 ہو گئی چکی ہے۔ 5 جولائی سے لے کر اب تک کی تمام سیکیورٹی کارروائیوں کو دیکھا جائے تو مجموعی طور پر102 خوارج دہشتگرد ہلاک کیے جا چکے ہیں.
سیکیورٹی ذرائع نے اس عزم کا اظہار بھی کیا ہے کہ جب تک بلوچستان کی دھرتی سے آخری دہشتگرد کا خاتمہ نہیں ہو جاتا، تب تک یہ آپریشن شعبان اسی طرح پوری طاقت سے جاری رہے گا. کارروائی زیارت میں پیش آنے والے افسوسناک واقعے کے بعد شروع کی گئی تھی.
خیال رہے کہ مانگی ڈیم پولیس اسٹیشن پر دہشتگردوں کے بڑے حملےمیں9بہادر پولیس اہلکار شہید ہو گئے تھے۔ حملے کے فوراً بعد حکومت اور سیکیورٹی اداروں نے امن دشمنوں کے پورے نیٹ ورک اور ان کے ٹھکانوں کو تباہ کرنے کا فیصلہ کیا. اسی فیصلے کے تحت پاک فوج، ایف سی اور بلوچستان پولیس نے مل کر یہ مشترکہ محاذ سنبھالا ہے، جس کا بنیادی مقصد علاقے میں کالعدم تنظیموں اور عسکریت پسندوں کا مکمل صفایا کر کے عوام کی جان و مال کو محفوظ بنانا اور امن قائم کرنا ہے.