ثمرہ فاطمہ: امریکی وفد نے لاہور میں محکمہ تحفظ ماحول ( ای پی اے) پنجاب کے کنٹرول روم کا دورہ کیا، جہاں سینئر وزیر پنجاب مریم اورنگزیب نے وفد کو فضائی آلودگی پر قابو پانے کے لیے کیے گئے حکومتی اقدامات پر تفصیلی بریفنگ دی۔
مریم اورنگزیب نے بتایا کہ نومبر 2024 میں لاہور دنیا کا آلودہ ترین شہر تھا، تاہم وزیراعلیٰ مریم نواز کی ہدایت پر ای پی اے کو اختیارات اور وسائل فراہم کیے گئے، جس کے بعد فضائی معیار میں نمایاں بہتری آئی ہے۔
انہوں نے کہا کہ فصلوں کی باقیات جلانے کی روک تھام کے لیے سپر سیڈر مشین کا استعمال ناگزیر بنایا گیا ہے اور اس وقت پنجاب بھر میں 7 ہزار 500 سپر سیڈر کسان استعمال کر رہے ہیں۔ ان کے مطابق آئندہ سال تک یہ تعداد 15 ہزار سے تجاوز کر جائے گی۔
سینئر وزیر نے مزید کہا کہ وزیراعلیٰ مریم نواز نے گزشتہ دو برسوں میں موسمیاتی تبدیلی سے نمٹنے کے لیے تاریخی بجٹ فراہم کیا ہے۔ دورے کے دوران امریکی وفد نے ایئر کوالٹی مینجمنٹ سسٹم کے ذریعے لاہور کا لائیو اے کیو آئی بھی ملاحظہ کیا۔