ویب ڈیسک: سوشل میڈیا پر آئے روز معلومات، ایجوکیشن سےمتعلق، ٹیکنالوجی اور کھیلوں کی کئی ویڈیو اپلوڈ کی جارہی ہیں، مگر ایک ایسی ویڈیو تیزی سے وائرل ہورہی ہے جو خواتین، بچوں اور بڑوں کی توجہ کا مرکز بن گئی، ناقابل یقین مناظر نے سوشل میڈیا صارفین کو دنگ کردیا۔
پولینڈ کے شہر وروتسواف (Wrocław) کے مشہور چڑیا گھر میں ایک ننھے سے ہرن اور ایک دیوہیکل گینڈے کے درمیان ہونے والے مقابلے کی ویڈیو دیکھتے ہی دیکھتے وائرل ہوگئی۔
یہ دلچسپ واقعہ اس وقت پیش آیا جب محض 13 کلوگرام وزن کا ایک ہرن برف سے ڈھکے احاطے میں تقریباً 1.7 ٹن وزنی گینڈے کے سامنے جا کھڑا ہوا۔
ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ ننھا ہرن بار بار گینڈے سے سینگ ٹکرا رہا ہے، گویا وہ اسے چیلنج کر رہا ہو۔ حیران کن طور پر، جسامت میں بے پناہ فرق کے باوجود ہرن پورے اعتماد کے ساتھ سامنے ڈٹا رہا۔
سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہونے والی اس ویڈیو میں گینڈا، جس کا نام ماروشکا (Maruśka) بتایا گیا ہے، نہایت پرسکون نظر آتا ہے اور وہ ہرن کے جارحانہ انداز پر کوئی خاص ردِعمل ظاہر نہیں کرتا۔
دونوں جانوروں کے درمیان وزن کا فرق تقریباً 1 اور 130 کا ہے، جس نے دیکھنے والوں کو مزید حیران کر دیا۔ اسی نمایاں فرق نے آن لائن صارفین کو خاص طور پر متاثر کیا، جہاں تبصروں میں مزاح، حیرت اور ننھے ہرن کی بہادری کی تعریف کی جارہی ہے۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ اس وائرل لمحے نے ایک بار پھر یہ ثابت کر دیا ہے کہ جانوروں کے رویے کس قدر غیر متوقع ہو سکتے ہیں، حتیٰ کہ جدید اور منظم چڑیا گھروں میں بھی فطرت اپنے حیران کن رنگ دکھا دیتی ہے۔