(ویب ڈیسک) بھارتی میڈیا نے پاکستانی بلے باز صاحبزادہ فرحان کے بیان کو شیخیاں مارنا قرار دیدیا .پاکستان کے اوپننگ بیٹسمین صاحبزادہ فرحان سے بھارت کے خلاف میچ کے بارے میں پوچھا گیا جو کہ 15 فروری کو کھیلا جائے گا۔تو صاحبزادہ فرحان نے کہا ’’مسلسل دو میچ جیتنا اور ٹیبل پر سب سے اوپر رہنے سے اعتماد ملتا ہے۔ اگلا میچ بھی ایک عام میچ جیسا ہی ہوگا‘‘۔
بھارتی میڈیا میں صاحبزادہ فرحان کے اس بیان پر کھلبلی مچ گئی ہے۔بھارتی ذرائع ابلاغ کے مطابق پاک بھارت میچ کنفرم ہوتے ہی یہ بات یقینی تھی کہ پڑوسی ملک کے کھلاڑی شیخیاں ضرور ماریں گے۔ پاکستان کے اوپننگ بلے باز صاحبزادہ فرحان نے روایتی حریف بھارت کے خلاف اتوار کو ہونے والے T20 ورلڈ کپ کے میچ کو ایک “عام میچ” قرار دیا، لیکن انہوں نے مزید کہا کہ اس بار ان کی ٹیم مختلف ذہنیت کے ساتھ میچ میں اترے گی۔ پاکستان ہالینڈ اور امریکہ کو شکست دے کر گروپ اے میں سرفہرست ہے۔ انہوں نے ہالینڈ کو شکست دینے کے لیے جدوجہد کی لیکن امریکہ کو باآسانی 32 رنز سے شکست دے دی، فرحان نے 41 گیندوں پر شاندار 73 رنز بنائے۔
امریکا سے میچ ک جیتنے کے بعد پریس کانفرنس میں صاحبزادہ فرحان سے بھارت کے خلاف میچ کے بارے میں پوچھا گیا، جو پاکستان حکومت کی جانب سے بائیکاٹ کی کال واپس لینے کے بعد شیڈول کے مطابق 15 فروری کو کھیلا جائے گا۔ فرحان نے کہا “مسلسل دو میچ جیتنا اور ٹیبل پر سب سے اوپر ہونا اعتماد دیتا ہے۔ اگلا میچ بھی ایک عام میچ جیسا ہی ہوگا۔“یہ پہلی بار نہیں ہے کہ ہم ان کے خلاف کھیلیں گے۔ہم پہلے بھی ان کے خلاف کھیل چکے ہیں لیکن اس بار ہماری ذہنیت مختلف ہوگی۔ آپ نے دیکھا ہی ہوگا شاداب رن بنارہے ہیں ، محمد نواز رن بنارہے ہیں ، اور امید ہے کہ آپ کو ان کے خلاف ہماری کارکردگی پسند آئے گی۔ فرحان نے کہا،’’یہ ایک عام میچ ہوگا، اور ہم اسے کسی دوسرے میچ کی طرح ہی ٹریٹ کریں گے،ہم یہ نہیں سوچیں گے کہ یہ بھارت اور پاکستان کا میچ ہے، ہم اسے ایک عام میچ کی طرح ہی کھیلیں گے‘‘۔
بھارتی ٹیم کے ٹی ٹوئنٹی کپتان سوریہ کمار یادونے کہا کہ حالیہ برسوں میں انکی ٹیم کے دبدبے کو دیکھتے ہوئے وہ اب پاکستان کے خلاف ٹکر کو برابر نہیں سمجھتے۔ تاہم صاحبزادہ فرحان اس سے متفق نہیں ہیں۔ انہوں نے کہا ” میں نہیں مانتا ،ایشیا کپ میں ہم نے جس طرح کی کارکردگی کا مظاہرہ کیا، اسے دیکھتے ہوئے میچ یکطرفہ نہیں تھے۔ ہم نے آخر تک سخت مقابلہ کیا اور اس بار بھی اچھی کارکردگی کی امید ہے‘‘۔
صاحبزادہ فرحان سےجب یہ پوچھا گیا کہ کیا ان کا بھارتی فاسٹ باؤلر جسپریت بمراہ کا مقابلہ کرنے کے لیے کوئی خاص منصوبہ ہے تو فرحان نے کہا، ’’مجھے لگتا ہے کہ جب آپ رنز بناتے ہیں تو آپ اعتماد سےبھر جاتے ہیں ، اور میں بہت پُراعتماد ہوں، اور جس طرح میں نے اپنی پچھلی دو اننگز کھیلی ہیں اس سے میرے اعتماد میں مزید اضافہ ہوا ہے “۔