(ملک اشرف)سینئر ترین جج جسٹس محمد انوار الحق نے لاہور ہائیکورٹ کی تاریخی عمارت کی خوبصورتی مزید بڑھانے کیلئے فوری اقدامات کا حکم دیا، عدالت عالیہ کی عمارت میں اب سیکیورٹی تاروں کی جگہ بھی رنگ برنگے خوبصورت پھول خوشگوار ماحول پیدا کریں گے۔
تفصیلات کے مطابق سینئر ترین جج جسٹس محمد انوار الحق نے عدالت عالیہ کی خوبصورتی بحال کرنے کے لئے فوری اقدامات کرنے کا حکم دیا۔ انہوں نے عدالت عالیہ کے اندر سیکیورٹی کے نام پر لگائی گئی خاردار تاروں کو فوری ہٹا کر وہاں پھولوں کے گملے رکھنے کی بھی ہدایت کی۔
ذرائع کے مطابق جسٹس محمد انوارالحق کے احکامات کی روشنی میں صفائی کے لئے کل بارہ فروری سے ہنگامی بنیادوں پر اقدامات کا آغاز ہوگا جس کے تحت، عدالت عالیہ کو صفائی کے لئے 28 حصوں میں تقسیم کیا جائے گا اور ہائیکورٹ کے 30 سویپرز کو صفائی کے لئے عدالت عالیہ کی عمارت کا مخصوص حصہ اور نمبر الاٹ کیا جائے گا۔ سویپر کی قمیض پر بھی وہ نمبر لکھا ہوگا، متعلقہ بیٹ کا نقشہ بھی جیب میں ہوگا، سویپر متعلقہ حصے کی صفائی اور تعمیر و مرمت کا ذمہ دار ہوگا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ سویپر براہ راست بلڈنگ ڈیپارٹمنٹ سمیت دیگر اداروں سے کام کرانے کی درخواست کرسکے گا۔ لاہور ہائیکورٹ میں سب سے اچھی صفائی کرنے والے سویپر کو ہر ماہ انعام دینے کا فیصلہ بھی کیا گیا۔