ہمارا واٹس ایپ چینل جوائن کریں

راجہ پرویز اشرف نے پی ٹی آئی کو پارلیمنٹ میں واپسی کی دعوت دیدی

راجہ پرویز اشرف نے پی ٹی آئی کو پارلیمنٹ میں واپسی کی دعوت دیدی
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(مانیٹرنگ ڈیسک) اسپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف نے تحریک انصاف کو پارلیمنٹ میں واپسی کے دعوت دیتے ہوئے کہا ہے کہ چھوٹے معاملات کو پس پشت ڈال کر بڑے مقصد کے لیے اکٹھے ہونا وقت کی ضرورت ہے، پارلیمان کو نظرانداز کریں گے تو آگے نہیں بڑھ سکتے۔

لاہور میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے قومی اسمبلی کے اسپیکر راجہ پرویز اشرف کا کہنا تھا کہ  پاکستان کی سیاست میں ٹھہراؤ آنا چاہیے، قانون سازی، امن و امان اور الیکشن اصلاحات کے لیے فورم پارلیمان ہے، ملک کے سارے سیاستدان منجھے ہوئے ہیں، تمام سیاسی جماعتوں کو اتفاق رائے سے معاملات کو سنبھالنا چاہیے، ایک بیک ڈور چینل بھی ہے جو ہمیشہ رہتا ہے۔ملک کو درپیش مسائل کا حل پارلیمان کے پاس ہے، تمام جماعتوں سےاپیل ہے معاشی استحکام کیلئے پارلیمان میں آئیں۔

راجہ پرویز اشرف  نے کہا کہ تمام مسائل کا حل پارلیمان کے اندر ہے، پارلیمان کے باہر نہیں، آج ضرورت ہے کہ ہم سب مل کر بیٹھیں، معیشت کو سہارا اور خوشگوار فضا کے لیے سب کو کردار ادا کرنا ہوگا، جس ملک میں پارلیمان مضبوط ہو گی، حکومت مستحکم ہو گی۔

اسپیکر قومی اسمبلی نے مزید کہا کہ توقع کرتا ہوں ممبران پارلیمنٹ میں آئیں اور نمائندگی کا حق ادا کریں، الیکشن صاف شفاف اسی صورت میں ہو گا کہ ہم بہتر قانون سازی کریں، اگر اسمبلی میں نہیں آئیں گے تو ہم کس فورم پر اکٹھے ہوں گے، اسمبلی مدت پوری کرتی ہے تو نظام مضبوط ہو گا۔

انہوں نے کہا کہ اگر کوئی آ کر استعفے کا بیان دے اور مجھے علم ہو کہ اس پر دباؤ ہے تو میں استعفیٰ قبول نہیں کروں گا، تسلی ہونے تک کسی رکن اسمبلی کو ڈی سیٹ نہیں کرسکتا، پی ٹی آئی ارکان کو کہتا ہوں آئیں اسمبلی میں بیٹھیں، جس طرح حکومت ضروری ہے،اپوزیشن بھی ضروری ہے،  بطور اسپیکر اسمبلی میری خواہش ہوگی کہ ہر اسمبلی اپنی مدت پوری کرے۔