سٹی 42: اسلام آباد میں وفاقی وزیر مواصلات عبدالعلیم خان اور آل پاکستان گڈز ٹرانسپورٹرز اتحاد کے درمیان دو روزہ مذاکرات کے بعد طے پانے والے فیصلوں کو حتمی شکل دے دی گئی۔
اعلامیے کے مطابق اجلاس میں موجودہ ملکی حالات کے تناظر میں گڈز ٹرانسپورٹرز کو زیادہ سے زیادہ ریلیف دینے کے اقدامات پر بات چیت کی گئی۔
وفاقی وزیر مواصلات کی ہدایت پر کسٹم حکام اور گڈز ٹرانسپورٹرز پر مشتمل مشترکہ مانیٹرنگ کمیٹی قائم کردی گئی، جبکہ ٹرانسپورٹرز کو درپیش کسٹم سے متعلق مسائل کے حل کے لیے شارٹ اور لانگ ٹرم حکمت عملی پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔
عبدالعلیم خان نے گڈز ٹرانسپورٹرز کو ویٹ اسٹیشنز سے متعلق شکایات جلد دور کرنے کی یقین دہانی کرائی۔ انہوں نے کہا کہ تمام موٹرویز پر جدید سہولیات اور کم سے کم ہیومن ریسورس والے ویٹ اسٹیشن بنائے جائیں گے۔
اجلاس میں وفاقی وزیر میری ٹائم افیئرز جنید انوار نے ویڈیو لنک کے ذریعے شرکت کی اور گڈز ٹرانسپورٹرز کو اہم امور پر یقین دہانی کرائی۔
اعلامیے کے مطابق وفاقی وزیر مواصلات کی ہدایت پر ایف بی آر کے سینئر حکام نے گڈز ٹرانسپورٹرز کی اہم تجاویز پر مشاورت مکمل کی، جبکہ پورٹ اینڈ شپنگ اور کراچی پورٹ ٹرسٹ کے حکام نے بھی ٹرانسپورٹرز کو مختلف امور پر بریفنگ دی۔
گڈز ٹرانسپورٹرز کو پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کے تعین کے حوالے سے وزارت کے سینئر حکام کی جانب سے بھی یقین دہانی کرائی گئی جبکہ اجلاس میں ٹرانسپورٹرز کے ایکسل لوڈ کے مسئلے کو یونیفارم پالیسی کے تحت بنیادی سطح سے کنٹرول کرنے کی تجویز بھی پیش کی گئی۔
وفاقی سیکرٹری مواصلات، چیئرمین این ایچ اے، آئی جی موٹرویز پولیس اور دیگر سینئر افسران نے اجلاس میں شرکت اور مشاورت کی جبکہ گڈز ٹرانسپورٹرز کے وفد میں ملک شہزاد اعوان، ناصر جعفری، اویس چوہدری، قمر الزمان، بختاور خان، شبر ملک اور دیگر عہدیداران شامل تھے۔
وفد نے اسلام آباد میں مہمان نوازی پر وفاقی وزیر مواصلات عبدالعلیم خان کا شکریہ ادا کیا جبکہ تمام امور احسن انداز میں نمٹانے پر انہیں خراج تحسین بھی پیش کیا۔