سٹی 42: لاہور پولیس نے خواتین کے تحفظ اور انہیں تھانوں میں بہتر سہولت فراہم کرنے کے لیے شہر کے تمام تھانوں میں خواتین پولیس اہلکاروں کی 24 گھنٹے موجودگی یقینی بنانے کا فیصلہ کرلیا۔
ڈی آئی جی فیصل کامران کے مطابق ہر تھانے میں مختلف شفٹوں کے دوران خواتین پولیس اہلکاروں کی تعیناتی کردی گئی ہے، تاکہ خواتین سائلین کو ان کی موجودگی میں ڈیل کیا جاسکے صبح کی شفٹ میں ہر تھانے میں تین خواتین پولیس اہلکار تعینات کی گئی ہیں، جبکہ شام کے اوقات میں ہر تھانے میں دو خواتین اہلکار موجود ہوں گی۔
ڈی آئی جی کے مطابق اس اقدام کا مقصد خواتین کو پولیس اسٹیشنز میں تحفظ اور سہولت فراہم کرنا ہے، جبکہ خواتین سائلین کے معاملات بھی خواتین پولیس اہلکاروں کی موجودگی میں دیکھے جائیں گے۔
انہوں نے بتایا کہ لاہور پولیس میں خواتین اہلکاروں کی تعداد مجموعی نفری کا صرف 5 فیصد ہے، تاہم خواتین اہلکاروں کی تعداد بڑھانے کے لیے بھی اقدامات کیے جا رہے ہیں۔