(احسن عباسی)پاکستان پیٹرولیم ڈیلرز ایسوسی ایشن نے اپنے مطالبات کی منظوری کے لیے حکومت کو 72 گھنٹے کا الٹی میٹم دے دیا۔
ایسوسی ایشن کے رہنما ملک خدا بخش نے کہا ہے کہ حکومت 72 گھنٹوں کے اندر پیٹرولیم ڈیلرز کے مسائل حل کرے، بصورت دیگر ڈیلرز کے لیے پیٹرول پمپس پر کاروبار جاری رکھنا ممکن نہیں ہوگا۔
ملک خدا بخش کے مطابق پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں روزانہ تبدیل کرنا قبول نہیں، حکومت کو قیمتوں میں تبدیلی کے طریقہ کار پر نظرثانی کرنا ہوگی۔
انہوں نے مطالبہ کیا کہ پیٹرول پر ڈیلرز کا مارجن بڑھا کر 8 فیصد کیا جائے جبکہ کمپنیوں کی جانب سے ڈیلرز پر عائد ایلوکیشن بھی ختم کی جائیں۔
ملک خدا بخش کا کہنا تھا کہ پیٹرولیم ڈیلرز حکومت سے رابطے میں ہیں، تاہم اب تک ان کے مسائل پر کوئی حتمی فیصلہ نہیں ہوسکا۔ انہوں نے کہا کہ ڈیلرز کا صبر کا پیمانہ لبریز ہوچکا ہے۔
ان کے مطابق حکومت کو 72 گھنٹے کا وقت دینے کا فیصلہ ایسوسی ایشن کی ایگزیکٹو کمیٹی نے کیا ہے، ملک بھر کے ڈیلرز کے اجلاس کے بعد حکومت کو الٹی میٹم دینے کا فیصلہ کیا گیا، جس میں ملک بھر سے ڈیلرز نے شرکت کی۔
ملک خدا بخش نے واضح کیا کہ اگر ڈیلرز کے مطالبات تسلیم نہ کیے گئے تو پیٹرول پمپس پر کاروبار جاری رکھنا ممکن نہیں رہے گا۔