ہمارا واٹس ایپ چینل جوائن کریں

پنجاب پولیس اقلیتوں کے حقوق کے تحفظ کی علمبردار ہے، آئی جی پنجاب عبدالکریم

پنجاب پولیس اقلیتوں کے حقوق کے تحفظ کی علمبردار ہے، آئی جی پنجاب عبدالکریم
کیپشن: file photo
سورس: google
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

علی ساہی: آئی جی پنجاب عبدالکریم نے کہا ہے کہ پنجاب پولیس اقلیتوں کے حقوق کے تحفظ کی علمبردار ہے اور اقلیتی برادری کے تحفظ کے عزم کو دہراتی ہے۔ میثاق سنٹرز کے پلیٹ فارم سے اقلیتی شہریوں کو درپیش مسائل کا فوری ازالہ یقینی بنایا جا رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ اقلیتوں کے حقوق کے تحفظ اور ان کے مسائل کے حل کے لیے پنجاب پولیس میں میثاق سنٹرز کا قیام عمل میں لایا گیا، جہاں اقلیتی کمیونٹی کو مختلف پولیس خدمات کی فراہمی یقینی بنائی جا رہی ہے۔

آئی جی پنجاب نے قیام پاکستان اور ملکی تعمیر و ترقی میں اقلیتی برادری کی جدوجہد اور کلیدی کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ پنجاب پولیس میں شامل اقلیتی کمیونٹی کے افسران اور جوان بھی شاندار خدمات انجام دے رہے ہیں۔

پنجاب پولیس کے ترجمان کے مطابق رواں سال صوبہ بھر میں 90 ہزار 500 سے زائد اقلیتی افراد نے میثاق سنٹرز اور پولیس خدمت مراکز کی سہولیات سے استفادہ کیا۔ میثاق سنٹرز پر 23 ہزار 200 سے زائد اقلیتی افراد کے مسائل حل کیے گئے، جبکہ 63 ہزار 600 سے زائد اقلیتی افراد کو پولیس خدمت مراکز سے متعلقہ سروسز فراہم کی گئیں۔

ترجمان کے مطابق لاہور میں اب تک 24 ہزار 500 سے زائد اقلیتی افراد نے پولیس کی سہولیات سے استفادہ کیا۔ ان میں 8 ہزار سے زائد اقلیتی افراد کے مسائل حل کیے گئے، جبکہ 12 ہزار سے زائد افراد کو پولیس خدمت مراکز سے متعلقہ سروسز فراہم کی گئیں۔

آئی جی پنجاب عبدالکریم نے کہا کہ پنجاب پولیس اقلیتی شہریوں کے حقوق اور تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے تمام ممکنہ اقدامات جاری رکھے گی اور میثاق سنٹرز کے ذریعے اقلیتی برادری کو بروقت ریلیف کی فراہمی کا سلسلہ مزید مؤثر بنایا جائے گا۔