مال روڈ (راؤ دلشاد) کورونا وائرس وبا کے باعث بند لاہور میوزیم کو 135 روز بعد کھول دیا گیا، میوزیم کھلنے سے رونقیں بحال ہونا شروع ہوگئیں جبکہ لاہور میوزیم انتظامیہ نے یوم آزادی کی مناسبت سے تصویری نمائش کی تیاریاں بھی شروع کردیں۔
کورونا وائرس وبا کے باعث بند لاہور میوزیم کو ایک سو پینتیس روز بعد سیاحوں کیلئے کھول دیا گیا، پہلے ہی روز مقامی و غیرملکی سیربینوں کی بڑی تعداد امڈ آئی، کسی نے تاریخی نوادرات میں دلچسپی لی تو کسی نے دل کھول کر سیلفیاں بنائیں، لاہور میوزیم کو کویڈ19 کے باعث 17 مارچ کو بند کیا گیا تھا، ایک سو پینتیس روزہ بندش سے میوزیم کوایک کروڑ پچاس لاکھ سے زائد کا نقصان ہوا۔
میوزیم انتظامیہ نے میوزیم کھلتے ہی یوم آزادی کی مناسبت سے تصویری نمائش کی تیاریاں شروع کردیں، مسزعظمی ثانی اور مسزعفت میوزیم کی رونقیں بحال ہونے پر خوشی کااظہار کرتے ہوئے بولیں کہ سیاحوں کے لیے یوم آزادی کی مناسبت سے تصویری نمائش 13اگست کو لگے گی جس میں تحریک آزادی کے تمام کرداروں کی تصاویر نمائش کیلئے پیش کی جائیں گی۔
میوزیم کھلنے پرسیاحوں کی خوشی کا بھی کوئی ٹھکانہ نہیں تھا، کہتے ہیں کہ میوزیم علم و تاریخ کا انمول خزانہ ہے جس کے کھلنے کا شدت سے انتظار کر رہے تھے۔
سیاحوں نے میوزیم کی تمام گیلریز کی سیر کی اور تاریخی نوادرات دیکھے، میوزیم کو ایک سوپینتیس روزبعد کھول تو دیا گیا لیکن کورونا وائرس ایس اوپیز پر عمل درآمد کو یقینی بنانا ہوگا تاکہ دوبارہ بندش کا سامنا نہ کرنا پڑے۔
واضح رہےکہ 15 مارچ کو لاہور میں کورونا وائرس کا پہلا کیس سامنے آیا تھا جس کے بعد حکومت نے کورونا وبا کو کنٹرول کرنے کیلئے لاہور سمیت پنجاب بھر میں لاک ڈاؤن نافذ کیا تھا جس کے باعث تمام تعلیمی ادارے، تفریحی گاہیں، سیاحتی مقامات، تھیٹر، ریسٹورنٹس، سینما گھر بند کردیئے گئے تھے۔