ہمارا واٹس ایپ چینل جوائن کریں

قتل کیس میں اہم عدالتی فیصلہ، سزائے موت پانے والے 2 ملزمان بری

قتل کیس میں اہم عدالتی فیصلہ، سزائے موت پانے والے 2 ملزمان بری
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

ملک اشرف:لاہور ہائی کورٹ نے قتل کے ایک ہائی پروفائل کیس میں اہم فیصلہ سناتے ہوئے سزائے موت پانے والے 2ملزمان کو بری کر دیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق   محمد آصف اورمحمد طارق کی جانب سے دائر اپیلیں منظور کرتے ہوئے عدالت نے ماتحت عدالت کی جانب سے دی گئی سزائے موت کا فیصلہ کالعدم قرار دے دیا۔

ملزمان پر 7 سالہ بچے شیر علی کے ساتھ مبینہ بدفعلی کے بعد قتل کا الزام تھا، تاہم عدالت نے قرار دیا کہ استغاثہ اپنے الزامات کو ثابت کرنے میں ناکام رہا۔

جسٹس طارق سلیم شیخ اور جسٹس محمد طارق ندیم پر مشتمل بینچ نے محفوظ فیصلہ سنایا۔

عدالتی فیصلے میں کہا گیا کہ ڈی این اے رپورٹ کی چین آف کسٹڈی مشکوک ہونے کے باعث قابلِ قبول نہیں، جبکہ صرف طبی رپورٹ کسی ملزم کو سزا دینے کیلئے کافی نہیں۔

عدالت نے مزید قرار دیا کہ اہم گواہان، جن میں مقتول کی والدہ بھی شامل ہیں، اپنے بیانات سے منحرف ہو گئے جس سے استغاثہ کا کیس مزید کمزور ہو گیا۔

فیصلے میں کہا گیا کہ محض شک کی بنیاد پر کسی کو سزا نہیں دی جا سکتی، اور ماورائے عدالت اعترافی بیانات (ایکسٹرا جوڈیشل کنفیشن) بھی قانونی طور پر قابلِ قبول نہیں پائے گئے۔

عدالت نے قرار دیا کہ تفتیشی عمل ٹھوس شواہد کے بجائے محض قیاس آرائیوں پر مبنی تھا، جس کے باعث سزا برقرار نہیں رکھی جا سکتی۔

عدالت نے دونوں ملزمان کو فوری طور پر جیل سے رہا کرنے کا حکم جاری کر دیا۔