ہمارا واٹس ایپ چینل جوائن کریں

دولہے کو اپنی شادی پر پیسے لٹانا مہنگا پڑ گیا، عدالت نے سخت سزا سنا دی

دولہے کو اپنی شادی پر پیسے لٹانا مہنگا پڑ گیا، عدالت نے سخت سزا سنا دی
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

ویب ڈیسک: افریقی ملک نائجیریا میں  ایک دولہے کو شادی  میں پیسے نچھاور   کرنا خاصا مہنگا پڑ گیا، پولیس نے دولہے کے خلاف پیسے کے ناجائز استعمال کا نہ صرف مقدمہ درج کیا بلکہ ان کو چھ ماہ قید کی سزا بھی سنائی۔
یہ واقعہ گذشتہ برس دسمبر کا ہے جب یہ دولہا میاں اپنی شادی پر ڈانس کرتے ہوئے پیسے لٹا رہے تھے۔عبداللہ موسیٰ حسینی کو اعتراف جرم کرنے پر نائجیریا کے شہر کانو کی ہائیکورٹ نے سزا سنائی۔
واضح رہے کہ نائجیریا میں اکنامک اینڈ فنانشل کرائمز کمیشن اس رسم کے خلاف مہم چلا رہا ہے اور اسے پیسے کی بے توقیری قرار دیا جاتا ہے۔عبداللہ موسیٰ کی گرفتاری نائجیریا کے مرکزی بینک کے 2007 کے ایکٹ کے تحت اس جاری مہم کے تناظر میں ہی عمل میں لائی گئی۔
اس قانون میں لکھا ہے کہ ملکی کرنسی کو لٹانا، اس پر ڈانس کرنا اور پاؤں سے مسلنا جرم ہے، جس کی کم سے کم سزا چھ ماہ یا 50 ہزار نایرا (نائجیریا کی کرنسی) تک جرمانہ ہو سکتی ہے یا یہ دونوں سزائیں بھی سنائی جا سکتی ہیں۔
نائجیریا کے کمیشن کا کہنا ہے کہ عبداللہ موسیٰ نے اپنی شادی کی تقریب میں ایک لاکھ نائجیرین نایرا لٹائے اور ان پر ڈانس کر کے ان کرنسی نوٹوں کو مسل کر رکھ دیا۔اسی جرم کی پاداش میں گذشتہ برس ایک ٹرانسجینڈر اور ایک اداکارہ کو بھی چھ ماہ قید کی سزا ہوئی تھی تاہم سوشل میڈیا پر صارفین اس سزا پر تنقید کر رہے ہیں۔
ایک صارف نے لکھا کہ ’یہ کیا منافقت ہے کہ آپ قومی دولت لوٹنے والوں کو تو کھلی چھوٹ دیں مگر اپنے ہی پیسے نچھاور کرنے والوں کو جیل جیسی کڑی سزا دیں۔‘