ویب ڈیسک: وفاقی وزیر اقتصادی امور احد چیمہ نے کہا ہے کہ اوورسیز پاکستانیوں کو قومی انفرااسٹرکچر میں سرمایہ کاری کے مواقع فراہم کرنے کے ساتھ سرمایہ کاری کے لیے آسان اور محفوظ مواقع بھی دینا ہوں گے۔
احد چیمہ کی زیر صدارت پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ منصوبوں سے متعلق اجلاس ہوا، جس میں اوورسیز پاکستانیوں کے لیے خصوصی سرمایہ کاری نظام بنانے کا جائزہ لینے پر اتفاق کیا گیا مشیر نجکاری محمد علی نے اوورسیز پاکستانیوں کے لیے مجوزہ سرمایہ کاری نظام کا خیرمقدم کیا۔
اجلاس میں ایم ایل ون منصوبے پر بھی غور کیا گیا۔ احد چیمہ نے کہا کہ ایم ایل ون کے لیے کثیرالجہتی اداروں اور شراکت داروں کے ذریعے وسائل کا حصول ترجیح ہے۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ کراچی تا روہڑی سیکشن پر ایشیائی ترقیاتی بینک کے ساتھ پیشرفت جاری ہے وفاقی وزیر نے ایم ایل ون کے لاہور تا راولپنڈی سیکشن کے پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ ماڈل کی فزیبلٹی اسٹڈی کرانے کی ہدایت بھی کی۔
احد چیمہ نے کہا کہ کھاریاں تا راولپنڈی موٹروے منصوبے کی وزیراعظم آفس سے منظوری ہوچکی ہے، منصوبے کی تکنیکی اور ابتدائی تیاریوں پر فوری پیشرفت کی جائے اجلاس میں اے ایم آئی اسمارٹ میٹرنگ منصوبے کو پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ ماڈل کے تحت آگے بڑھانے پر بھی غور کیا گیا۔
احد چیمہ نے کہا کہ جدید اسمارٹ میٹرنگ نظام بجلی کی تقسیم کار کمپنیوں کی آپریشنل اور کمرشل کارکردگی بہتر بنانے میں معاون ہوگا جبکہ یہ منصوبہ ڈسکوز کی مجوزہ نجکاری کے عمل میں بھی معاون ہوگا وفاقی وزیر نے گندھارا ثقافت سے متعلق منصوبے اور کیپٹل اسپتال کی توسیع کو آگے بڑھانے کے امکانات کا جائزہ لینے کی ہدایت کی۔
اجلاس میں سی ڈی اے اور این ایچ اے کے دیگر مجوزہ پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ منصوبوں کا بھی جائزہ لیا گیا جبکہ 2027 اور 2028 میں مارکیٹ میں لانے کے لیے مجوزہ ہوائی اڈوں سے متعلق منصوبوں پر بھی غور کیا گیا۔