سٹی 42: نائب وزیراعظم اسحاق ڈار کی زیر صدارت اہم اجلاس ہوا جس میں پاکستان کے آئی ٹی شعبے اور ڈیجیٹل ٹیکنالوجیز سے استفادہ کرتے ہوئے عوامی خدمات کی فراہمی کو مزید مؤثر بنانے پر غور کیا گیا۔
اجلاس میں آئی ٹی شعبے اور ڈیجیٹل ٹیکنالوجیز کی صلاحیتوں کو بروئے کار لاکر عوامی خدمات کے نظام کو جدید، مؤثر اور شہری دوست بنانے کے مختلف پہلوؤں کا جائزہ لیا گیا اسحاق ڈار نے کہا کہ ٹیکنالوجی کے ذریعے عوامی خدمات کی فراہمی میں بہتری وزیراعظم اور حکومت پاکستان کی ترجیحات میں شامل ہے۔ اس اقدام کا مقصد سرکاری خدمات کی کارکردگی اور استعداد میں اضافہ کرنا ہے۔
نائب وزیراعظم نے کہا کہ اس اقدام کے ذریعے شہریوں کے لیے خدمات تک آسان اور بہتر رسائی یقینی بنانا اور عوام کے لیے آسانی و سہولت پیدا کرنا مقصود ہے۔
اجلاس میں وزیر مملکت برائے آئی ٹی و ٹیلی کمیونیکیشن شزہ فاطمہ خواجہ، وزیراعظم کے معاون خصوصی طارق باجوہ اور وزارت آئی ٹی و ٹیلی کمیونیکیشن سمیت دیگر متعلقہ محکموں کے سینئر حکام نے شرکت کی۔