علی ساہی:لاوارث لاشوں اور گمشدہ افراد کی شناخت کے لیے پنجاب سیف سٹیز اتھارٹی نے اہم اقدام اٹھاتے ہوئے ’’میری پہچان سنٹر‘‘ کے لیے جدید بائیومیٹرک مشینیں خرید لی ہیں۔ سیف سٹیز حکام کے مطابق 100 جدید بائیومیٹرک مشینیں بیرون ملک سے منگوائی گئی ہیں، جن کے ذریعے لاوارث لاشوں کی فوری شناخت ممکن ہوسکے گی۔
حکام کا کہنا ہے کہ عام بائیومیٹرک مشین سے ڈیڈ باڈی کی شناخت نہیں کی جاسکتی، تاہم نئی ٹیکنالوجی سے لیس مشینوں کے ذریعے شناخت کا عمل تیز اور مؤثر بنایا جائے گا۔ جدید بائیومیٹرک نظام سے وقت کی بچت ہوگی اور لاوارث لاشوں سے متعلق کیسز کو جلد حل کرنے میں مدد ملے گی۔
نئی مشینوں کے ذریعے ذہنی و جسمانی کمزور افراد کی شناخت کرکے انہیں اہلخانہ تک پہنچانے کا عمل بھی مزید مؤثر بنایا جائے گا۔ ’’میری پہچان سنٹر‘‘ کے قیام سے اب تک 7 ہزار سے زائد لاوارث لاشوں کی شناخت کے کیسز پر کارروائی کی جاچکی ہے، جبکہ جدید نظام کے ذریعے 5 ہزار سے زائد لاوارث لاشوں کی شناخت کے بعد انہیں ورثا کے حوالے کیا جاچکا ہے۔
سیف سٹیز حکام کے مطابق ’’میری پہچان سنٹر‘‘ نے 4 ہزار سے زائد ذہنی و جسمانی کمزور افراد کی بائیومیٹرک شناخت کے بعد انہیں ان کے اہلخانہ سے ملایا ہے۔ میری پہچان ٹیم ہسپتالوں اور اولڈ ایج ہومز میں موجود افراد کی شناخت کے لیے بھی سرگرم عمل ہے۔