ملک اشرف : لاہور ہائیکورٹ نے پی ٹی آئی سوشل میڈیا ایکٹوسٹ فلک جاوید کی بازیابی کے لیے دائر درخواست نمٹاتے ہوئے درخواست گزار کے وکیل کو متعلقہ انسداد دہشت گردی عدالت سے رجوع کرنے کی ہدایت کردی۔
عدالت نے قرار دیا کہ فلک جاوید کے جسمانی ریمانڈ اور مقدمے سے متعلق تمام قانونی اعتراضات متعلقہ عدالت کے سامنے اٹھائے جائیں،جسٹس سید شہباز علی رضوی نے شہری جاوید اقبال کی جانب سے دائر درخواست پر سماعت کی،،،سرکاری وکیل فرخ لودھی نے عدالت کو آگاہ کیا کہ فلک جاوید اس وقت جسمانی ریمانڈ پر ہیں اور انہیں آج متعلقہ عدالت کے روبرو پیش کیا جائے گا۔
درخواست گزار کےوکیل نے عدالت سے استدعا کی کہ انہیں معاملے پر دلائل دینے کا موقع دیا جائے۔ عدالت نے واضح کیا کہ چونکہ فلک جاوید کا معاملہ متعلقہ عدالت میں زیر سماعت ہے، اس لیے جسمانی ریمانڈ سمیت دیگر قانونی اعتراضات بھی وہیں اٹھائے جائیں۔