نجکاری کا ہدف100 ارب، لاہور کی 13 املاک 17 کروڑ میں نیلام

نجکاری کا ہدف100 ارب، لاہور کی 13 املاک 17 کروڑ میں نیلام
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

مال روڈ (فاران یامین) نجکاری کمیشن نے گزشتہ روز لاہور میں 13 سرکاری املا ک 17 کروڑ 93 لاکھ 54 ہزار 500 روپے میں نیلام کر دیں، اوپن نیلامی کی تقریب میں وفاقی وزیر نجکاری محمد میاں سومرو، ڈی جی نجکاری کمیشن افتخار حسین نقوی سمیت دیگر حکام نے شرکت کی۔

 تقریب میں ایم ایم عالم روڈ پر واقع 3 شاپس کو 4 کروڑ 45 لاکھ 80 ہزار روپے میں، لنک فیروز پور روڈ پر واقع  9 اپارٹمنٹس 4 کروڑ 27 لاکھ، 74 ہزار 500 روپے جبکہ نکلسن روڈ واپڈا بلڈنگ 9 کروڑ 20 لاکھ روپے میں نیلام کی گئی، نجکاری کمیشن کی طرف سے ان سرکاری املاک کی مجموعی طور پر ریزرو قیمت 17 کروڑ 50 لاکھ 4500 روپے مقرر کی گئی تھی۔ 

تقریب سے خطاب اور میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر نجکاری میاں محمد سومرو نے کہا کہ پی آئی اے کی نجکاری نہیں کر رہے، کورونا کے بعد معیشت بہتر ہورہی ہے، آرڈیننس کے تحت سرکاری اداروں کی نجکاری کی جائے گی۔

 محمد میاں سومرو نے کہا کہ کوئی غیر یقینی کی صورتحال نہیں،نجکاری پلان کے مطابق کر رہے ہیں، آرڈیننس کے تحت شفافیت کو برقرار رکھتے ہوئے نیلامی کر رہے ہیں، سٹیل مل، ماڑی گیس فیلڈ، کنونشن سنٹر اسلام آباد، سروسز ہوٹل، ایس ایم ای بینک، پی پی ایل، گدو پاور پلانٹ اور پاور کمپنیوں کی نجکاری کی جائے گی۔

 انہوں نے کہا پی آئی اے کی نجکاری کیلئے ٹی او آرز بنائے جا رہے ہیں، پی آئی اے کا روز ویلٹ ہوٹل لیز پر دیا جائے گا، حکومت کا نجکاری سے 100 ارب روپے حاصل کرنے کا ٹارگٹ ہے، سی پیک اپنے طے شدہ منصوبے کے تحت چل رہا ہے، جیسے جیسے حالات بہتر ہوں گے معیشت بہتر ہوگی۔ 

 محمد میاں سومرو نے کہا کہ سٹیل مل کی نجکاری کے طریقہ کار طے کیا جا رہاہے اس کے ذمہ واجبات ادائیگی کے بعد اسکی فروخت کرنے کی بھی تجویز ہے کہیں بھی نجکاری رول بیک نہیں ہو رہی۔

دریں اثنا سیکرٹری میں محمد میاں سومرو کی زیر صدارت اجلاس،نجکاری کی غرض سے منتخب پروجیکٹ میں درپیش مسائل پر غور کیا گیا۔

اجلا س میں صوبائی وزیر قانون راجہ بشارت، صوبائی وزیر آبپاشی محسن لغاری ،چیف سیکرٹری پنجاب جواد رفیق ملک، سینئر ممبر بورڈ آف ریونیو پنجاب بابر حیات تارڑ، سیکرٹری آبپاشی سیف انجم، سیکرٹری بلدیات احمد جاوید قاضی،سیکرٹری ہائوسنگ ندیم محبوب، ڈی جی ایل ڈی اے احمد عزیز تارڑ، ڈپٹی کمشنر لاہور دانش افضال نے شرکت کی.

Sughra Afzal

Content Writer