زاہد اقبال رانا: نگراں وزیر اعلی پنجاب محسن نقوی نے کہا ہے کہ گوجرانوالہ موٹروے کی تعمیر کا کام تیزی سے جاری ہے، گوجرانوالہ یونیورسٹی کے کام کا بھی جلد آغاز ہو جائیگا ، گوجرانوالہ شہر کیلیے سیف سٹی منصوبے کی منظوری ہو گئی ہے۔سیف سٹی منصوبہ 120 روز میں مکمل ہو گا۔
نگراں وزیراعلیٰ محسن نقوی نے یہ باتیں گوجرانوالہ کے اچانک دورہ کے دوران ٹیچنگ ہسپتال اور زیر تعمیر چلڈرن ہسپتال کے دورہ کے بعد مقامی صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہیں۔
نگراں وزیراعلی کا کہنا تھا کہ گوجرانوالہ شہر کے لئے سیف سٹی منصوبہ پر کام جلد شروع کر دیا جائے گا اور 120 روز میں اس منصوبہ کو مکمل کیا جائے گا۔ ایک سوال کے جواب میں محسن نقوی نے کہا کہ تھانوں میں قانون مطابق مقدمات درج کیے جا رہے ہیں۔
جب ایک صحافی نے نگراں وزیراعلیٰ سے مسلم لیگ نون کے قائد میاں نواز شریف کے حوالے سے سوال پوچھنا چاہا تو انہوں نے کہا کہ صرف گوجرانوالہ کی بات کریں۔