سٹی 42 : پاکستان کی بہادر سکیورٹی فورسز نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے کیڈٹ کالج کی دیوار پار کرنے کی کوشش کرنے والے دو دہشتگردوں کو جہنم واصل کردیا۔
جنوبی وزیرستان میں بھارتی پراکسی فتنہ الخوارج کے دہشت گردوں نے کیڈٹ کالج کی بیرونی دیوار پار کرنے کی کوشش کی۔ بہادر سیکورٹی فورسز کی بروقت کارروائی کے نتیجے میں دہشت گردوں کو ناکامی کا سامنا کرنا پڑا، کارروائی کے دوران 2 دہشت گرد مارے گئے، جبکہ 3 دہشت گرد کالج کے ایڈمن بلاک میں محصور ہوگئے۔ سکیورٹی فورسز کی جانب سے کلیئرنس آپریشن جاری ہے۔
دہشت گرد افغانستان میں موجود اپنے آقاؤں سے رابطے میں ہیں۔ کیڈٹ کالج وانا پر حملہ آرمی پبلک اسکول پشاور کے سانحے کو دہرانے کی مذموم کوشش تھی۔ دہشت گردوں کا مقصد سابقہ قبائلی علاقوں کے نوجوانوں میں خوف و ہراس پھیلانا ہے۔ افغانستان میں دہشت گردوں کی موجودگی طالبان رجیم کے دعووں کی نفی ہے۔ پاکستان کو افغانستان میں موجود دہشت گردوں اور ان کی قیادت کے خلاف کارروائی کا حق ہے۔
"عزمِ استحکام" کے تحت دہشت گردی کے مکمل خاتمے تک آپریشن جاری رہے گا۔ سیکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے ادارے پاکستان سے دہشت گردی کی جڑیں اکھاڑنے کے لیے پرعزم ہیں۔ پاکستانی عوام اور سیکیورٹی فورسز دہشت گردوں کے مذموم عزائم ناکام بنانے کے لیے متحد ہیں۔
سورس : آئی ایس پی آر