علی رامے: پنجاب کے خصوصی اقتصادی اور صنعتی زونز حکومتی توقعات کے مطابق سرمایہ کاری اور بھراؤ حاصل کرنے میں ناکام رہے۔
ذرائع کے مطابق محکمہ خزانہ پنجاب کی معاشی ترقی پر مبنی رپورٹ کے مطابق صوبے کے صنعتی زونز کی اوسط آکیوپینسی صرف 58 فیصد ریکارڈ کی گئی ہے جبکہ اربوں روپے کے صنعتی منصوبوں کے باوجود کئی پلاٹس اب بھی خالی پڑے ہیں۔
رپورٹ کے مطابق بہاولپور انڈسٹریل زون میں آکیوپینسی صرف ایک فیصد تک محدود ہے، جبکہ وہاڑی انڈسٹریل سٹی میں یہ شرح 24 فیصد اور بہاولپور میں 33 فیصد ریکارڈ کی گئی۔
دیگر بڑے صنعتی مراکز جیسے علامہ اقبال انڈسٹریل سٹی اور قائداعظم بزنس پارک بھی مکمل بھراؤ حاصل کرنے میں ناکام رہے، تاہم ایم تھری انڈسٹریل سٹی میں آکیوپینسی 70 فیصد تک پہنچ گئی ہے، لیکن مجموعی صورتحال اب بھی کمزور ہے۔
رپورٹ میں مزید بتایا گیا ہے کہ پنجاب کی مجموعی صنعت کا محض 3.5 فیصد حصہ ہی صنعتی زونز کے اندر قائم ہے اور صنعتی شعبے میں صرف 6 فیصد ملازمتیں خصوصی اقتصادی زونز میں دستیاب ہیں۔
رپورٹ کے مطابق حکام کے صنعتی دعوؤں اور زمینی حقائق میں واضح فرق پایا جاتا ہے، جبکہ قریبی ترین ٹرانسپورٹ روٹس کے باوجود صنعتی زونز سرمایہ کاروں کو متوجہ کرنے میں ناکام رہے ہیں۔
علاوہ ازیں حکومت کے کئی صنعتی مراکز تاحال جزوی استعمال تک ہی محدود ہیں۔