ہمارا واٹس ایپ چینل جوائن کریں

سبزیوں اور پھلوں کی قیمتوں میں اتار چڑھاؤ برقرار، شہری مہنگے داموں خریداری پر مجبور

 سبزیوں اور پھلوں کی قیمتوں میں اتار چڑھاؤ برقرار، شہری مہنگے داموں خریداری پر مجبور
کیپشن: file photo
سورس: google
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

طلحہ اشرف: شہر میں سبزیوں اور پھلوں کی قیمتوں میں مسلسل اتار چڑھاؤ جاری ہے، جبکہ متعدد اشیائے خورونوش سرکاری نرخوں سے زائد قیمتوں پر فروخت ہونے کے باعث شہری مہنگے داموں خریداری پر مجبور ہیں۔

مارکیٹ سروے کے مطابق پیاز کی سرکاری قیمت 80 روپے فی کلو مقرر ہے، تاہم اوپن مارکیٹ میں یہ 120 روپے فی کلو تک فروخت ہو رہی ہے۔ اسی طرح ٹماٹر کا سرکاری نرخ 45 روپے فی کلو ہونے کے باوجود 80 روپے فی کلو میں فروخت کیا جا رہا ہے۔

لہسن (چائینہ) 420 روپے فی کلو، ادرک 340 روپے فی کلو جبکہ شلجم 70 سے 80 روپے فی کلو میں فروخت ہو رہا ہے، جو مقررہ نرخوں سے زیادہ ہے۔ مٹر بھی 150 روپے کے سرکاری ریٹ کے مقابلے میں 185 روپے فی کلو تک فروخت کیا جا رہا ہے۔

دیگر سبزیوں میں بھنڈی 90 روپے، پالک فارمی 50 سے 60 روپے، ٹینڈے دیسی 200 روپے اور کریلا 120 روپے فی کلو میں فروخت ہو رہا ہے، جبکہ ان اشیاء کی سرکاری قیمتیں اس سے نمایاں طور پر کم ہیں۔

پھلوں کی قیمتوں میں بھی اضافہ دیکھنے میں آیا ہے۔ لیموں 245 روپے فی کلو، چیکو 270 روپے، سفید سیب 370 روپے فی کلو جبکہ کیلا 250 روپے فی درجن میں فروخت ہو رہا ہے۔ اسی طرح دیسی آم 145 روپے کے سرکاری نرخ کے مقابلے میں 180 روپے تک فروخت کیا جا رہا ہے، جبکہ خربوزہ 75 روپے فی کلو میں دستیاب ہے۔

شہریوں نے ضلعی انتظامیہ سے مطالبہ کیا ہے کہ سرکاری نرخ ناموں پر سختی سے عملدرآمد کرایا جائے اور منافع خور عناصر کے خلاف مؤثر کارروائی کی جائے تاکہ عوام کو مناسب قیمتوں پر اشیائے خورونوش کی فراہمی یقینی بنائی جا سکے۔

مارکیٹ ذرائع کے مطابق طلب و رسد میں فرق اور نگرانی کے مؤثر نظام کی کمی کے باعث متعدد سبزیاں اور پھل سرکاری نرخوں سے زائد قیمتوں پر فروخت ہو رہے ہیں، جس سے صارفین کی مشکلات میں اضافہ ہو رہا ہے۔