ہمارا واٹس ایپ چینل جوائن کریں

 عوامی مسائل کے حل اور ٹاسک پورا کرنے کیلئے دن رات ایک کر دیں, محسن نقوی

Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

ویب ڈیسک:  وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی کا کہنا ہے کہ سرکاری ملازمین کے پنشن کیسز اور انکوائریز کو جلد نمٹایا جائے اور عوامی فلاح وبہبو د کے تمام تر ٹاسک تندہی سے سرانجام دیئے جائیں -

محسن نقوی نے آج سول سیکرٹریٹ میں ایڈمنسٹریٹو سیکرٹریز کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ عوام کے مسائل کے حل کیلئے کوئی کسر اٹھا نہ رکھی جائے۔ہر ٹاسک کو پورا کرنے کیلئے دن رات ایک کر دیں۔

نگران وزیر اعلی محسن نقوی نے سرکاری ملازمین کے ترقی کے کیسز جلد نمٹانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ ترقی کے حقدار ہر افسر اور ملازم کو اس کا حق ملنا چاہیے۔محسن نقوی نے سیکرٹریز کو عوام سے رابطے کے لئے ایک روز مختص کرنے کی ہدایت کی-

محسن نقوی نے کہا کہ ایگرکلچراور دیگر محکموں میں ریسرچ کے لئے بیرون ملک جانے کیلئے این او سی کی شرط ختم کرنے کا جائزہ لیں گے-افسران اور اہلکار کوئی بھی ٹاسک شروع کریں تو تکمیل تک چین سے نہ بیٹھیں -کاٹن کی پیداوار کا مطلوبہ ہدف حاصل کرنے کے لئے ہر ضلع میں سیکرٹری لیول کے افسر نگرانی کریں گے -

انہوں نے کہا کہ پنجاب کے افسروں میں کام کرنے کی صلاحیت میرے لئے باعث اطمینان ہے- خواتین افسروں اور ملازمین کیلئے اضلاع میں رہائش گاہوں کی تعمیر کے پراجیکٹ ترجیحی بنیادوں پر مکمل کئے جائیں اورخواتین سرکاری ملازمین کے بچوں کے لئے ڈے کیئر سنٹرقائم کئے جائیں۔ سول سیکرٹریٹ ملازمین کے لئے ویلفیئر فنڈ قائم کیا جا رہا ہے-

اس موقع پر سیکرٹریز نے تجاویز اور سفارشات پیش کیں -چیف سیکرٹری نے اپنے خطاب میں کہا کہ پنجاب میں پوسٹنگ اور ٹرانسفرکے عمل میں شفافیت نگران حکومت کا طرہ امتیاز ہے- ہر سیکرٹری اپنے ٹاسک کو پورا کرنے کے لئے دل و جان سے کوشاں ہے-پیپر لیس سیکرٹریٹ کے تصور کو عملی شکل دیناقابل ذکر اقدام ہے-اولڈپی اینڈ ڈی بلاک میں سٹیٹ آف دی آرٹ عمارت بنائی جائے گی-

واضح رہے کہ چیف سیکرٹری، ایڈیشنل چیف سیکرٹری، چیئرمین پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ بورڈ، سینئر ممبر بورڈ آف ریونیو اور تمام محکموں کے سیکرٹریز نے کانفرنس میں شرکت کی جبکہ ساؤتھ پنجاب سیکرٹریٹ کے سیکرٹریز ویڈیو لنک کے ذریعے شریک ہوئے-

Bilal Arshad

Content Writer