دورِ نایاب: لاہور ڈویلپمنٹ اتھارٹی ( ایل ڈی اے) کو شہر میں میگا ترقیاتی منصوبوں کی تکمیل کے لیے شدید مالی مشکلات کا سامنا ہے۔ ذرائع کے مطابق 40 ارب روپے کے ترقیاتی فنڈز نہ ملنے کے بعد ایل ڈی اے کو اپنے وسائل سے ڈویلپمنٹ بجٹ تیار کرنے میں بھی مشکلات پیش آ رہی ہیں، جبکہ آن سورس ڈویلپمنٹ بجٹ کے لیے کم از کم 20 ارب روپے درکار ہیں۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ ایل ڈی اے سٹرکچر پلان روڈز کے لیے حاصل کیا گیا 10 ارب روپے کا قرض بھی تاحال ادا نہیں کر سکی۔ صرف نیلم روڈ کو ترجیحی منصوبہ قرار دیتے ہوئے فنڈز جاری کیے گئے ہیں، جبکہ کمرشل پالیسی ختم ہونے کے بعد اس منصوبے کے لیے اراضی کے حصول پر بھی اربوں روپے درکار ہوں گے۔
چیف انجینئر ایل ڈی اے کے مطابق آئندہ ہفتے ہونے والے بجٹ اجلاس میں ترقیاتی منصوبے پیش کیے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ حکومتی سالانہ ترقیاتی پروگرام (اے ڈی پی) کے تحت مکمل فنڈز نہ ملنے کے باعث مختلف منصوبوں کی بروقت تکمیل میں مشکلات کا سامنا ہے۔