ویب ڈیسک:لاہور شدید سردی اور دھند کی لپیٹ میں ہے،شہر میں دھند کے ڈیرے، حدِ نگاہ متاثر ہونے لگی۔
شدیددھندکےباعث سردی کی شدت بڑھنےلگی۔محکمہ موسمیات کے مطابق شہر میں 3کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ٹھنڈی ہوائیں چلنے لگیں، ہوا میں نمی کا تناسب 96 فیصد ہے۔محکمہ موسمیات کی جانب سے بارش کا امکان ظاہر نہیں کیا گیا۔
دوسری جانب ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم سرد اور خشک جبکہ پہاڑی علاقوں میں شدید سرد رہنے کی توقع ہے، پنجاب، بالائی سندھ اور خیبر پختونخوا کے میدانی علاقوں میں درمیانی سے شدید دھند چھائے رہے گی۔
محکمہ موسمیات کے مطابق اسلام آبادمیں موسم سرد اور خشک رہے گا، تاہم رات اور صبح کے اوقات میں دھند چھائے رہنے کا امکان ہے۔
صوبہ پنجاب کے بیشتر اضلاع میں موسم سرد اور خشک جبکہ مری، گلیات اور گردونواح میں شدید سردی متوقع ہے۔ سیالکوٹ، نارووال، جہلم، گوجرانوالہ، گجرات، لاہور، شیخوپورہ، اوکاڑہ، قصور، ساہیوال، خانیوال، فیصل آباد، جھنگ، لیہ، بھکر، نورپور تھل، ڈی جی خان، راجن پور، شورکوٹ، ملتان، کوٹ ادو، بہاولنگر، خانپور، بہاولپور اور رحیم یار خان میں درمیانی سے شدید دھند کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات نے پیشگوئی کی ہے کہ سرد موسم کی لپیٹ میں موجود کراچی میں ٹھنڈ اگلے کچھ روز بھی برقرار رہنے کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق 24 گھنٹوں کے دوران شہر میں موسم خشک اور رات میں سرد رہنے کا امکان ہے۔ کم سے کم درجہ حرارت 8 سے 10 اور زیادہ سے زیادہ 24 سے 26 ڈگری سینٹی گریڈ تک رہنے کا امکان ہے۔
گزشتہ رات سب سے کم درجہ حرارت جناح ٹرمینل پر 7.9 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جبکہ گلستان جوہر میں 10.5 اور شارع فیصل پر 11.5 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔
محکمہ موسمیات کے مطابق شہر میں ہوا میں نمی کا تناسب 58 فیصد ہے اور شمال مشرق کی سمت سے ہوائیں چل سکتی ہیں۔