حاشر حسن : غیر شرعی نکاح کیس میں بانی پی ٹی آئی اور بشری بی بی پر فرد جرم عائد نہ ہو سکی، عدالت نے سماعت 15 جنوری تک ملتوی کر دی۔
بانی پی ٹی آئی اور بشری بی بی کے خلاف غیر شرعی نکاح کیس کی اڈیالہ جیل میں سماعت ہوئی۔ سینئر سول جج قدرت اللہ نے غیر شرعی نکاح کیس کی سماعت کی، دوران سماعت بانی پی ٹی آئی عدالت میں پیش ہوئے، بشری بی بی علالت کے باعث آج عدالت پیش نہ ہو سکیں، بشری بی بی کی حاضری سے استثنیٰ کی درخواست دائر کی گئی۔
بانی پی ٹی آئی اور بشری بی بی کے وکلا نے سماعت پیر تک ملتوی کرنے کی استدعا کی۔ درخواست گزار کے وکیل رضوان عباسی کی جانب سے پیر تک سماعت ملتوی کرنے کی مخالفت کرتے ہوئے کہا کہ غیر شرعی نکاح کیس میں فرد جرم عائد ہونا ہے، فرد جرم عائد کرنے کیلئے کل کی تاریخ رکھ لیں۔
وکیل سلمان اکرم راجہ نے کہا کہ کل ہائیکورٹ میں بھی کیسز ہیں عدالت پیش ہونا مشکل ہوگا۔ جس پر جج قدرت اللہ کا کہنا تھا کہ کل دوپہر کے بعد کا وقت رکھ لیتے ہیں۔ جواب میں سلمان اکرم راجہ نے کہا کہ معلوم نہیں کیس کس وقت ختم ہو اس کے بعد ذاتی مصروفیات بھی ہیں۔
جج قدرت اللہ نے فریقین کے دلائل کے بعد غیر شرعی نکاح کیس کی سماعت 15 جنوری تک ملتوی کر دی۔