(مانیٹرنگ ڈیسک) برطانیہ میں پلاسٹک کٹلری، پلیٹس اور پولی اسٹیرین ٹرے کے استعمال پر پابندی عائد کردی گئی۔
برطانوی نشریاتی ادارے کے مطابق یہ واضح نہیں ہے کہ یہ پابندی کب سے نافذ العمل ہوگی لیکن محکمہ ماحولیات نے اس فیصلے کی تصدیق کردی ہے، اس سے قبل اسکاٹ لینڈ اور ویلز کی جانب سے ڈسپوزایبل پلاسٹک کے برتنوں پر پابندی عائد کی جاچکی ہے۔
ماحولیات کے سکریٹری تھریس کوفی کا کہنا ہے کہ اس اقدام سے آلودگی کو روکنے، آنے والی نسلوں کے لیے قدرتی ماحول کے تحفظ میں مدد ملے گی۔
ڈسپوزایبل برتنوں کیخلاف مہم چلانے والوں نے اس پابندی کا خیرمقدم کرتے ہوئے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ پلاسٹک کے استعمال کو کم کرنے کے بارے میں ایک ”بامعنی“ حکمت عملی پیش کرے۔
حکومتی اعداد و شمار بتاتے ہیں کہ انگلینڈ میں ہر سال 1.1 ارب سنگل یوز پلیٹیں استعمال ہوتی ہیں جس کی وجہ سے ماحولیات کو خطرات لاحق ہیں۔
محکمہ برائے ماحولیات، خوراک اور دیہی امور (Defra) کے مطابق انگلینڈ میں ہر شخص ہر سال اوسطاً 18 سنگل یوز پلاسٹک پلیٹیں اور پلاسٹک کٹلری کی 37 اشیاء استعمال کرتا ہے، جبکہ ان میں سے صرف 10 فیصد کو ری سائیکل کیا جاتا ہے۔
اسی طرح کی پابندی اسکاٹ لینڈ میں پہلے ہی عائد کی جا چکی ہے، جب کہ سنگل استعمال کے پلاسٹک کے اسٹرا، اسٹریئرز اور پلاسٹک اسٹیمڈ کاٹن بڈز پر انگلینڈ میں 2020 میں پہلے ہی پابندی عائد کر دی گئی تھی۔
اسکاٹ لینڈ نے گزشتہ سال جون میں ایک بار استعمال ہونے والے پلاسٹک کے سامان کی ایک رینج کے استعمال پر پابندی عائد کی تھی۔ ویلز میں اسی طرح کی پابندی کے قوانین دسمبر میں منظور کیے گئے تھے۔