ہمارا واٹس ایپ چینل جوائن کریں

فنڈز بحران: پیکٹانے آٹھویں بورڈ کیلئےحکومتِ پنجاب سےسپلمنٹری گرانٹ طلب کر لی

 فنڈز بحران: پیکٹانے آٹھویں بورڈ کیلئےحکومتِ پنجاب سےسپلمنٹری گرانٹ طلب کر لی
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

جنید ریاض:  پنجاب ایجوکیشن کریکولم، ٹریننگ اینڈ اسیسمنٹ اتھارٹی (پیکٹا) نے آٹھویں جماعت کے بورڈ امتحان کے انعقاد کے لیے حکومتِ پنجاب سے سپلمنٹری گرانٹ کی درخواست کر دی، جبکہ  گرانٹ سے متعلق سمری سیکرٹری سکول ایجوکیشن پنجاب کو ارسال کر دی گئی ہے۔

ذرائع کے مطابق فنڈز کی شدید کمی کے باعث آٹھویں بورڈ کا امتحان مکمل نصاب کے بجائے صرف چار مضامین تک محدود رکھنے کی تجویز دی گئی ہے، جن میں اردو، انگریزی، ریاضی اور سائنس شامل ہیں۔

پیکٹا حکام کا کہنا ہے کہ آٹھویں جماعت کے بورڈ امتحانات کے انعقاد کے لیے 80 کروڑ روپے سے زائد فنڈز درکار ہوں گے، جبکہ امتحانی عمل کو شفاف بنانے کے لیے تقریباً 50 ہزار نگران عملہ تعینات کیا جائے گا۔ نگران عملے کو اسیسمنٹ کے فرائض کی ادائیگی پر یومیہ 4 ہزار روپے معاوضہ دینے کی تجویز بھی دی گئی ہے۔

مزید بتایا گیا ہے کہ طلباء کو امتحان میں شرکت کے لیے کسی قسم کا داخلہ فارم جمع کروانے کی ضرورت نہیں ہوگی، بلکہ سکول انفارمیشن سسٹم پر رجسٹرڈ تمام طلباء کو امتحان دینا لازم ہوگا۔ آٹھویں جماعت میں رجسٹرڈ طلباء کی تعداد 10 لاکھ سے زائد بتائی جا رہی ہے۔

ذرائع کے مطابق آٹھویں جماعت کے بورڈ امتحانات 2 مارچ سے شروع کیے جانے کا امکان ہے، تاہم تاحال امتحانات کی ڈیٹ شیٹ جاری نہیں کی جا سکی۔

حکومتی گرانٹ کی منظوری سے آٹھویں بورڈ امتحان کے انعقاد سے متعلق صورتحال واضح ہونے کی توقع ہے، جبکہ طلباء، والدین اور اساتذہ ڈیٹ شیٹ کے اجرا کے منتظر ہیں۔