ویب ڈیسک: آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں پاک بھارت میچ کی بحالی کے فیصلے نے نہ صرف کرکٹ شائقین بلکہ عالمی کرکٹ معیشت پر بھی گہرے اثرات مرتب کیے ہیں۔ بھارتی میڈیا کے مطابق پاک بھارت میچ کے انعقاد کے فیصلے سے آئی سی سی کے 174 ملین امریکی ڈالرز بچ گئے ہیں۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق یہ ممکنہ نقصان براڈ کاسٹرز کی گیٹ منی، اشتہارات اور دیگر اسپانسرشپ معاہدوں کی مد میں لگایا گیا تھا، جو میچ کی منسوخی کی صورت میں آئی سی سی کو برداشت کرنا پڑتا۔
پاک بھارت میچ کی بحالی کے فیصلے کے فوری بعد ممبئی اور کولمبو کے درمیان فضائی ٹکٹوں کی قیمتوں میں نمایاں اضافہ دیکھا گیا۔ رپورٹس کے مطابق ممبئی–کولمبو–ممبئی روٹ پر ٹکٹوں کی قیمت میں ابتدائی طور پر 10 ہزار سے 60 ہزار روپے تک اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔
میچ کی بحالی سے کولمبو کی ہوٹل انڈسٹری نے بھی اطمینان اور خوشی کا اظہار کیا ہے۔ تاہم بھارتی میڈیا کے مطابق بعض کرکٹ شائقین نے پاکستان کے میچ کے ممکنہ بائیکاٹ کے اعلان کے بعد ہوٹل بکنگ منسوخ کروانے کے لیے رابطے بھی کیے تھے۔
رپورٹس میں بتایا گیا ہے کہ کئی کرکٹ فینز پاک بھارت میچ کے ٹکٹوں کی ریفنڈ پالیسی کے حوالے سے معلومات حاصل کرتے رہے، جبکہ میچ کی تصدیق کے بعد ایک بار پھر ٹکٹوں اور ہوٹل بکنگ میں تیزی دیکھنے میں آ رہی ہے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق پاک بھارت میچ نہ صرف ٹورنامنٹ کا سب سے بڑا مقابلہ ہے بلکہ اس کی بحالی نے ایئرلائنز، ہوٹل انڈسٹری اور براڈ کاسٹنگ سیکٹر کو بھی براہِ راست فائدہ پہنچایا ہے۔