ہمارا واٹس ایپ چینل جوائن کریں

ملک بھر میں بارش اور برفباری سے سردی کی شدت میں اضافہ

ملک بھر میں بارش اور برفباری سے سردی کی شدت میں اضافہ
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

سٹی42: ملک کے مختلف حصوں میں بارش اور برفباری کے باعث سردی کی شدت میں واضح اضافہ ریکارڈ کیا جا رہا ہے۔ بالائی علاقوں میں برفباری جبکہ میدانی علاقوں میں بارش نے موسم کو مزید سرد اور خوشگوار بنا دیا ہے۔

صوبائی دارالحکومت لاہور کا مطلع ابر آلود ہے اور ٹھنڈی ہوائیں چلنے سے موسم سرد ہو گیا ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق شہر میں سورج اور بادلوں کی آنکھ مچولی جاری رہے گی۔
لاہور میں موجودہ درجہ حرارت 14 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا، کم سے کم درجہ حرارت 11 اور زیادہ سے زیادہ 22 ڈگری تک جانے کا امکان ہے۔ ہوا میں نمی کا تناسب 68 فیصد جبکہ ہواؤں کی رفتار 5 کلو میٹر فی گھنٹہ ریکارڈ کی گئی۔ محکمہ موسمیات کے مطابق آج بارش کا امکان نہیں ہے۔

شہر قائد میں سمندری ہوائیں بحال ہونے کے بعد خنکی میں اضافہ ہو گیا ہے۔ کراچی میں درجہ حرارت 15 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جبکہ آج زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 31 ڈگری تک جانے کا امکان ہے۔محکمہ موسمیات کے مطابق کراچی کا فضائی معیار غیر صحت بخش ہے اور شہر دنیا کے آلودہ ترین شہروں میں 19 ویں نمبر پر موجود ہے۔ فضا میں آلودگی کی مقدار 127 پرٹیکیولیٹ میٹرز ریکارڈ کی گئی ہے۔

وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کے مختلف سیکٹرز جی 7، جی 8، ایچ 8، کشمیر چوک، بارہ کہو، بنی گالا اور پارک روڈ میں ہلکی بوندا باند ریکارڈ کی گئی۔محکمہ موسمیات کے مطابق صبح کے اوقات میں گرج چمک کے ساتھ بارش جبکہ بعداز دوپہر مطلع جزوی ابر آلود رہنے کا امکان ہے۔اسلام آباد میں کم سے کم درجہ حرارت 5 ڈگری جبکہ دن کے اوقات میں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 16 ڈگری سینٹی گریڈ تک جانے کی توقع ہے۔ شہر میں دن بھر 11 کلو میٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوائیں چلنے کا امکان ہے، جبکہ ہوا میں نمی کا تناسب 50 فیصد سے زائد ریکارڈ کیا گیا ہے۔

دوسری جانب آزاد جموں و کشمیر کے بیشتر بالائی اور وسطی علاقوں میں بارش اور پہاڑوں پر برفباری کا سلسلہ دوبارہ شروع ہو گیا ہے، جس سے سردی کی شدت میں مزید اضافہ ہو گیا۔مظفرآباد اور گردونواح کے بالائی علاقوں میں درجہ حرارت نقطہ انجماد سے نیچے گر گیا ہے۔ برفباری کے باعث متعدد رابطہ سڑکیں بند ہو چکی ہیں جبکہ سڑکوں کی بحالی کا کام عارضی طور پر روک دیا گیا ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ 12 گھنٹوں تک بالائی علاقوں میں برفباری جبکہ وسطی علاقوں میں بارش کا سلسلہ جاری رہنے کا امکان ہے۔

ایبٹ آباد شہر اور گردونواح میں بارش کا سلسلہ جاری ہے جبکہ گلیات میں برفباری کے ساتھ سرد ہوائیں چلنے سے سردی کی شدت میں اضافہ ہو گیا ہے۔برفباری کے باعث مری روڈ سمیت مختلف رابطہ سڑکوں پر شدید پھسلن پیدا ہو گئی ہے جس سے ٹریفک روانی متاثر ہو رہی ہے۔ضلع خیبر کے میدانی علاقوں باڑہ، جمرود اور دیگر علاقوں میں ہلکی بارش جبکہ وادی تیراہ کے پہاڑوں پر ہلکی برفباری ریکارڈ کی گئی ہے۔بارش اور برفباری نے جاتی سردی کو بریک لگا دی ہے اور موسم ایک بار پھر سرد اور خوشگوار ہو گیا ہے۔

ایبٹ آباد، ہری پور، کندیاں اور گردونواح میں وقفے وقفے سے بارش کے باعث نشیبی علاقے زیر آب آ گئے ہیں۔ نتھیاگلی، ٹھنڈیانی اور دیگر بالائی علاقوں میں برفباری کا سلسلہ جاری ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق بارش اور برفباری کا یہ سلسلہ آئندہ 24 گھنٹوں تک جاری رہنے کا امکان ہے۔