ویب ڈیسک: لاہوری بریانی اپنے خوشبودار مصالحوں، تیز مگر متوازن ذائقے اور دم پر تیار ہونے والے چاولوں کی وجہ سے خاص مقام رکھتی ہے، اس میں چکن یا گوشت کو مصالحے اور دہی کے ساتھ اچھی طرح بھونا جاتا ہے، پھر نیم پکے چاولوں کی تہہ لگا کر دم دیا جاتا ہے، اس ترکیب میں آلو شامل نہیں کیے گئے تاکہ گوشت، مصالحوں اور چاولوں کا اصل ذائقہ نمایاں رہے، توچلیں آج گھر میں روایتی لاہوری بریانی پکا کر اپنے کھانے کی میز کو خوشبو اور ذائقے سے مہکا تے ہیں۔
( 4 سے 5 افراد کے لیے)
اجزاء :باسمتی چاول: ½ کلو، چکن: ½ کلو، پیاز: 2 بڑی، ٹماٹر: 2 عدد، دہی: 1 کپ، ادرک لہسن پیسٹ: 1 کھانے کا چمچ، ہری مرچ: 4 عدد، پودینہ: ½ گڈی، ہرا دھنیا: ½ گڈی، لیموں: 1 عدد، بریانی مصالحہ: 2 کھانے کے چمچ، لال مرچ پاؤڈر: 1 چائے کا چمچ، ہلدی: ½ چائے کا چمچ، نمک: حسبِ ذائقہ، ثابت گرم مصالحہ: 1 کھانے کا چمچ، تیل: ¾ کپ، زرد رنگ: چٹکی بھر، دودھ: 2 کھانے کے چمچ۔
بنانے کا طریقہ
1۔ چاول تیار کریں:
چاول دھو کر تقریباً 20 منٹ بھگو دیں، ایک بڑے برتن میں پانی، نمک اور ثابت گرم مصالحہ ڈال کر ابالیں، چاول شامل کریں اور انہیں تقریباً 80 فیصد گلنے تک پکائیں، پھر چھان لیں۔
2۔ بریانی کا مصالحہ بنائیں:
دیگچی میں تیل گرم کریں اور پیاز سنہری کرلیں۔ آدھی پیاز نکال کر الگ رکھ دیں، باقی پیاز میں ادرک لہسن پیسٹ اور چکن ڈال کر اچھی طرح بھونیں۔
3۔ مصالحہ پکائیں:
ٹماٹر، دہی، بریانی مصالحہ، لال مرچ، ہلدی اور نمک شامل کریں۔ درمیانی آنچ پر اس وقت تک بھونیں جب تک مصالحہ اچھی طرح پک کر تیل نہ چھوڑ دے، پھر ہری مرچ، پودینہ اور ہرا دھنیا شامل کریں۔
4۔ چاولوں کی تہہ لگائیں:
چکن کے مصالحے کے اوپر نیم پکے چاول پھیلا دیں۔ اوپر تلی ہوئی پیاز، پودینہ، ہرا دھنیا اور لیموں کا رس ڈالیں، دودھ میں زرد رنگ ملا کر چاولوں پر چھڑک دیں۔
5۔ دم دیں:
برتن کو اچھی طرح ڈھک کر پہلے 5 منٹ درمیانی آنچ پر رکھیں، پھر 15 سے 20 منٹ ہلکی آنچ پر دم دیں۔
دم کے بعد چاولوں کو ہلکے ہاتھ سے مکس کریں، خوشبودار اور مصالحے دار روایتی لاہوری بریانی تیار ہے۔