ہمارا واٹس ایپ چینل جوائن کریں

ایمیننس میں آکسفورڈ نصاب کا پائلٹ پراجیکٹ شروع کرنے کا فیصلہ

ایمیننس میں آکسفورڈ نصاب کا پائلٹ پراجیکٹ شروع کرنے کا فیصلہ
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

رائو دلشاد: وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف سے آکسفورڈ یونیورسٹی پریس پاکستان کے وفد نے ملاقات کی، جس میں صوبے میں معیارِ تعلیم کی بہتری اور جدید تعلیمی نظام کے فروغ پر تبادلہ خیال کیا گیا ہے۔

آکسفورڈ یونیورسٹی پریس پاکستان کے وفد نے وزیراعلیٰ پنجاب کے تعلیم کے شعبے میں کیے گئے اقدامات کو سراہتے ہوئے نواز شریف سکول آف ایمیننس پراجیکٹ کو قابلِ تحسین قرار دیا۔ وفد نے فروغِ تعلیم کے لیے پنجاب حکومت کو بھرپور تعاون کی پیشکش بھی کی، جس کا وزیراعلیٰ مریم نواز نے خیرمقدم کیا۔

ملاقات میں پنجاب کے محکمہ تعلیم اور آکسفورڈ یونیورسٹی پریس کے درمیان اشتراکِ کار بڑھانے پر اتفاق کیا گیا۔ اس سلسلے میں نواز شریف سکول آف ایمیننس میں آکسفورڈ یونیورسٹی پریس کے نصاب کا پائلٹ پراجیکٹ شروع کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔

آکسفورڈ یونیورسٹی پریس کی جانب سے اساتذہ کے لیے ڈیجیٹل ٹریننگ پروگرام، کیپسٹی بلڈنگ، ٹیچنگ گائیڈ اور دیگر تعلیمی امور میں معاونت فراہم کرنے کی پیشکش کی گئی۔ وفد نے نواز شریف سکول آف ایمیننس کے تعلیمی معیار کو حیران کن حد تک اعلیٰ قرار دیا۔

اس موقع پر وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے کہا کہ وہ صرف پنجاب ہی نہیں بلکہ سندھ اور دیگر صوبوں کے عوام کی بھی خدمت کرنا چاہتی ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ کراچی اور سندھ کے لوگوں کی مشکلات کو بھی وہ دل سے محسوس کرتی ہیں۔

وزیراعلیٰ نے کہا کہ پنجاب میں تعلیمی معیار بہتر ہونے کا اندازہ اس بات سے لگایا جاسکتا ہے کہ اب لوگ سرکاری سکولوں میں اپنے بچوں کے داخلے کے لیے کوشش کرتے نظر آتے ہیں۔