ویب ڈیسک: پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں کاروباری ہفتے کے آخری روز مثبت رجحان دیکھنے میں آیا، جہاں سرمایہ کاروں کی دلچسپی کے باعث مارکیٹ میں نمایاں تیزی ریکارڈ کی گئی۔
میڈیا رپورٹس کاروبار کے دوران کے ایس ای 100 انڈیکس میں 2,158 پوائنٹس کا اضافہ ہوا، جس کے بعد انڈیکس بڑھ کر 1,67,676 پوائنٹس کی سطح پر پہنچ گیا۔ دن بھر کے ٹریڈنگ سیشن میں مارکیٹ میں اتار چڑھاؤ بھی دیکھا گیا، جہاں انڈیکس ایک موقع پر 1,66,221 پوائنٹس کی کم ترین سطح تک آیا، جبکہ بلند ترین سطح 1,67,844 پوائنٹس رہی۔
یاد رہے کہ گزشتہ روز کاروبار کے اختتام پر کے ایس ای 100 انڈیکس 1,65,517 پوائنٹس پر بند ہوا تھا، جس کے مقابلے میں آج نمایاں بہتری سامنے آئی ہے۔
دوسری جانب کرنسی مارکیٹ میں بھی معمولی بہتری دیکھنے میں آئی، جہاں انٹر بینک میں امریکی ڈالر کی قدر میں 2 پیسے کمی ہوئی اور ڈالر 279 روپے کی سطح پر آ گیا۔
ماہرین کے مطابق اسٹاک مارکیٹ میں یہ تیزی سرمایہ کاروں کے اعتماد میں اضافے، معاشی اشاریوں میں بہتری اور ممکنہ مثبت پالیسی اقدامات کی توقعات کا نتیجہ ہو سکتی ہے۔