سٹی42: پنجاب پبلک سروس کمیشن (پی پی ایس سی) نے سات سرکاری محکموں میں مختلف آسامیوں کے تحریری اور حتمی نتائج کا اعلان کر دیا ہے۔
گجرات ڈویژن میں انفورسمنٹ آفیسر کی آسامیوں کے لیے 19 امیدوار کامیاب قرار پائے ہیں جن میں آمنہ ظہیر، اسرار شوکت، محمد جنید، کامران خان، فیصل شہزاد، عروج ارشد، حمزہ منیر، عرفان علی، محمد عمر اور واجد علی شامل ہیں۔
پنجاب انفورسمنٹ اینڈ ریگولیٹری اتھارٹی میں انویسٹی گیشن آفیسر کی چار آسامیوں پر بھی کامیاب امیدواروں کا اعلان کیا گیا ہے، جن میں اسرار شوکت، حمزہ منیر، عروج ارشد اور طلحہ منیر شامل ہیں۔ تاہم 10 آسامیاں موزوں امیدواروں کی عدم دستیابی کے باعث خالی رہ گئیں۔
لیبر اینڈ ہیومن ریسورس ڈیپارٹمنٹ میں کنسلٹنٹ کارڈیالوجسٹ کی آسامیوں پر جنید الماس اور قاسم راؤف کامیاب قرار پائے، جبکہ کنسلٹنٹ انکالوجسٹ کی آسامیوں پر سندس رفیق اور جویریہ ساجد کو کامیاب قرار دیا گیا ہے۔
اس کے علاوہ پی پی ایس سی نے پنجاب حکومت کے مزید پانچ محکموں میں بھی آسامیوں کے نتائج جاری کیے:
محکمہ سوشل ویلفیئر اینڈ بیت المال میں میڈیکل آفیسر کی 15 آسامیوں کے لیے 66 امیدوار کامیاب ہوئے۔ملتان ڈویلپمنٹ اتھارٹی میں میڈیکل آفیسر کی ایک آسامی کے لیے 7 امیدوار تحریری امتحان میں کامیاب قرار پائے۔محکمہ زراعت میں میڈیکل آفیسر کی ایک آسامی پر 6 امیدوار کامیاب ہوئے۔
سپیشل ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ میں اسپیچ تھراپسٹ کی 15 آسامیوں پر 58 امیدوار کامیاب قرار دیے گئے۔ڈپٹی کمشنر آفس راولپنڈی میں سٹینوگرافر کی 18 آسامیوں کے لیے کوئی امیدوار کامیاب نہ ہو سکا۔
سیکرٹری پنجاب پبلک سروس کمیشن افضال احمد کی جانب سے کامیاب امیدواروں کا باضابطہ نوٹیفکیشن بھی جاری کر دیا گیا ہے۔