قذافی بٹ: پنجاب حکومت نے کورونا وائرس سے پیدا صورتحال میں میڈیا کے لئے خصوصی پیکج کا اعلان کردیا، اگر کوئی صحافی کورونا وائرس سے بیمار ہوا تو حکومت اسے ایک لاکھ روپے دے گی، جبکہ کورونا سے جاں بحق ہونے والے صحافی کو دس لاکھ دیے جائیں گے۔
ڈی جی پی آر میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراطلاعات فیاض الحسن چوہان کا کہنا تھا کہ حکومت صحافیوں کے لیے ایس او پیز جاری کر رہی ہے، کورونا سے جاں بحق ہونے والے صحافی کے خاندان کو ماہانہ 10 ہزار روپے پینشن دی جائے گی جبکہ 10 صحافیوں کے لیے کورونا سے آگاہی دینے پر ایکسیلنس ایوارڈ دیا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ 14 اپریل کے بعد لاک ڈائون کا فیصلہ وفاقی حکومت کرے گی، گذشتہ 5 روز سے لوگوں نے لاک ڈائون کو آسان لینا شروع کر دیا ہے، لوگ ذمہ داری کا ثبوت دیں، وائرس کے کیسز میں اضافہ ہوا ہے، وزیر اطلاعات پنجاب کا کہنا تھا کہ مافیا کوئی بھی ہو حکومت سمجھوتہ نہیں کرے گی، ہم نے تو کوشش کی کہ اپوزیشن کو ساتھ لے کر چلے۔
فیاض الحسن چوہان کا کہنا تھا کہ کورونا ریلیف فنڈ ریاست کا ہے پی ٹی آئی کا نہیں، اپوزیشن کارکنوں اور قیادت سے کہے کہ وہ اس فنڈ میں پیسے دیں، ایک ہفتے کے دوران لوگوں کو پیسے ملنا شروع ہو جائیں گے، مستحق افراد کو صوبے کے 17 ہزار مقامات پر مالی امداد دی جائے گی۔
انہوں نے کہا کہ 25 اپریل کو آٹا چینی بحران پر حتمی فرانزک رپورٹ آئے گی جس کی روشنی میں دیکھا جائے گا کہ چینی برآمد کی گئی یا نہیں۔میڈیا کے واجبات جلد ادا کئے جائیں گے اور اشتہارات پر 16 فیصد ٹیکس چھوٹ دینے کی سمری تیار کرلی ہے۔