علی ساہی:سموگ کے خاتمے اور فضائی آلودگی پر قابو پانے کے لیے سیف سٹی نے سخت کریک ڈاؤن شروع کردیا، اے آئی بیسڈ کیمروں اور ڈرونز کے ذریعے آلودگی پھیلانے والوں کی کڑی نگرانی جاری ہے۔
سیف سٹی کے مطابق گزشتہ 7 روز کے دوران آلودگی سے متعلق 2 ہزار سے زائد خلاف ورزیوں کی نشاندہی کی گئی۔
بغیر ترپال تعمیراتی سامان لے جانے والی 810 گاڑیوں کی نشاندہی کی گئی، ایس او پیز کی خلاف ورزی پر 487 چالان کیے گئے جبکہ 189 گاڑیوں کو وارننگ دی گئی۔
دھواں چھوڑنے والی 767 گاڑیوں کی بھی نشاندہی ہوئی، جن میں سے 591 گاڑیوں کو جرمانے کیے گئے۔ سیف سٹی کیمروں کی مدد سے دھواں چھوڑنے والی گاڑیوں کے 183 ای چالان بھی کیے گئے۔
سیف سٹی ڈرونز کے ذریعے فصلوں کی باقیات جلانے کے واقعات کی بھی نشاندہی کی گئی، 12 خلاف ورزیوں پر کارروائی عمل میں لائی گئی۔
صنعتی آلودگی کے 39 کیسز سامنے آئے، 4 مقامات پر جرمانے کیے گئے، 2 یونٹس سیل جبکہ 7 کو وارننگ جاری کی گئی۔
باربی کیو کے دھوئیں اور چمنیوں سے متعلق 268 خلاف ورزیوں کی بھی فوری نشاندہی کی گئی، ایک مقام سیل جبکہ 6 پر جرمانے عائد کیے گئے۔
سیف سٹی حکام کے مطابق جدید ٹیکنالوجی کی مدد سے ماحولیاتی قوانین کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف کارروائیاں مزید سخت کی جائیں گی۔