راؤ دلشاد:وزیراعلیٰ پنجاب کے وژن کے تحت ڈویژن، ضلع کے بعد اب ہر تحصیل میں بھی الیکٹروبس سروس شروع کرنے کا فیصلہ کرلیا گیا۔
پنجاب میں تحصیل کی سطح پر الیکٹروبس سروس کا آغاز جنوری 2027ء سے ہوگا۔ صوبے کی 91 تحصیلوں میں مجموعی طور پر 1500 الیکٹروبسیں چلائی جائیں گی، جبکہ ہر تحصیل کے لیے مخصوص الیکٹروبس ڈپو کی منظوری بھی دے دی گئی ہے۔
تحصیل الیکٹروبس سروس کے لیے پہلا بیچ جنوری 2027ء میں لاہور پہنچ جائے گا۔ وزیراعلیٰ نے مختلف اضلاع میں مزید الیکٹروبسوں کی فراہمی کی بھی منظوری دے دی ہے۔
پنجاب بھر میں جون 2027ء تک 3 ہزار الیکٹروبسیں چلانے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے، جبکہ ستمبر تک الیکٹروبس سروس کا پہلا فیز مکمل کرنے کا ٹارگٹ ہے۔
منصوبے کے تحت ملتان کی 9 تحصیلوں کے لیے 169، ساہیوال کی 4 تحصیلوں کے لیے 87، ڈی جی خان کے لیے 63، جبکہ بہاولپور کی 11 تحصیلوں میں 215 الیکٹروبسیں فراہم کی جائیں گی۔
فیصل آباد کی 12 تحصیلوں میں 202 جبکہ سرگودھا کی 14 تحصیلوں میں 198 الیکٹروبسیں چلائی جائیں گی۔
مختلف اضلاع میں 612 الیکٹروبسیں مکمل طور پر آپریشنل ہیں، جن سے روزانہ لاکھوں شہری مستفید ہو رہے ہیں۔ ملتان سمیت دیگر اضلاع میں مزید 192 الیکٹروبسیں چند روز میں فنکشنل ہوجائیں گی۔
سرگودھا، ساہیوال، فیصل آباد، لاہور اور مظفرگڑھ سمیت مختلف اضلاع کو مزید الیکٹروبسیں فراہم کی جائیں گی۔ راولپنڈی، جھنگ، بہاولپور، رحیم یار خان، اٹک، اوکاڑہ، بھکر، حافظ آباد، خانیوال، چنیوٹ اور لیہ میں بھی مزید الیکٹروبسیں چلائی جائیں گی۔
سیالکوٹ، مری، گجرات اور شیخوپورہ میں بھی اضافی الیکٹروبسیں چلانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
دوسری جانب فیصل آباد اور گوجرانوالہ ماس ٹرانزٹ سسٹم پر بھی پیش رفت تیزی سے جاری ہے، جبکہ لاہور میٹروبس سروس کے 25 اسٹیشنز کی تعمیر و بحالی کے منصوبے بھی تکمیل کے مراحل میں ہیں۔