ملک اشرف : پی ٹی آئی رہنما اعجاز چوہدری کی سزاؤں کیخلاف اپیلیں،فاضل جج کی رخصت کے باعث ہائیکورٹ میں سماعت نہ ہوسکی،اعجاز چودھری نے سانحہ نو مئی کے مقدمات میں سنائی گئی سزائیں چیلنج کررکھی ہیں۔
لاہور ہائیکورٹ میں پاکستان تحریک انصاف کے رہنما اعجاز احمد چوہدری کی جانب سے دائر فوجداری اپیلوں پر آج سماعت نہ ہوسکی۔ عدالت کی جانب سے جاری کاز لسٹ میں یہ اپیلیں شامل تھیں، تاہم جسٹس سید شہباز علی رضوی کے رخصت پر ہونے کے باعث آج کی لسٹ منسوخ کردی گئی۔کیس کی سماعت جسٹس سید شہباز علی رضوی اور جسٹس طارق محمود باجوہ پر مشتمل ڈویژن بینچ نے کرنا تھی۔ اب اس معاملے کی سماعت نئی تاریخ پر ہوگی۔اعجاز احمد چوہدری نے یہ اپیلیں سانحہ 9 مئی سے متعلق درج مقدمات میں سنائی جانیوالی سزاؤں کیخلاف دائر کی ہیں۔