قیامت خیز زلزلہ ، کئی عمارتیں زمین بوس، 296 افراد جاں بحق

قیامت خیز زلزلہ ، کئی عمارتیں زمین بوس، 296 افراد جاں بحق
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

مانیٹرنگ ڈیسک: مراکش میں شدید نوعیت کے زلزلے کے نتیجے میں 296 افراد جاں بحق اور سینکڑوں زخمی ہو گئے جبکہ کئی مکانات، مساجد اور  کاروباری مراکز زمیں بوس ہوگئے۔

امریکی جیولوجیکل سروے کے مطابق مراکش کے جنوب مغربی علاقے میں آنے والے زلزلے کی شدت 6.8 ریکارڈ کی گئی، زلزلے کا مرکز  مراکش شہر سے 75 کلومیٹر دور اطلس کا پہاڑی سلسلہ تھا اور  اس کی زیر زمین گہرائی 18.5 کلو میٹر ریکارڈ کی گئی۔

مقامی میڈیا کے مطابق زلزلے کے متعدد علاقے بجلی سے محروم ہوگئے ہیں جبکہ یونیسکو کی جانب سے عالمی ثقافتی ورثہ قرار دی گئی تاریخی عمارتوں کو بھی نقصان پہنچا۔مراکشی حکام کا بتانا ہے کہ زلزلے کے نتیجے میں کم از کم 296 افراد کی ہلاکت کی تصدیق ہو چکی ہے جبکہ 150 سے زائد افراد زخمی ہوئے جنہیں مختلف اسپتالوں میں داخل کرایا گیا۔

حکام کا بتانا ہے کہ زلزلے کے نتیجے میں کئی عمارتیں زمیں بوس ہو گئیں جبکہ درجنوں عمارتوں کو جزوی نقصان پہنچا، زلزلے سے متاثرہ علاقوں میں ریسکیو اور ریلیف آپریشن شروع کر دیا گیاہے اور عوام سے اسپتالوں میں خون کا عطیہ دینے کی اپیل کی گئی ہے۔