ویب ڈیسک: سوشل میڈیا پر کثیر تعداد میں فین فالونگ رکھنے والی برازیل کی فیشن انفلوئنسر ایڈیئر مینڈیز ڈوٹرا جونیئر 31 سال کی عمر میں انتقال کرگئیں، ان کے انتقال کہ وجہ کاسمیٹک سرجری بتائی جارہی ہے۔
غیرملکی میڈیا رپورٹ کے مطابق برازیل کی فیشن انفلوئنسر ایڈیئر مینڈیز ڈوٹرا جونیئر انسٹاگرام پر ’جونیئر ڈوٹرا‘ کے نام سے مشہور تھیں اور ان کی عمر 31 سال تھی۔
وہ ’فاکس آئیز‘ کاسمیٹک سرجری کروانے کے بعد پیچیدگیوں کا شکار ہوگئی تھیں، سوشل میڈیا اسٹار نے مارچ 2025 میں مشہور سرجن فرنینڈو گاربی سے سرجری کروائی تھی۔
سرجری کے ذریعے آنکھوں کے کونوں کو اٹھا کر بلی جیسی آنکھوں کی طرح کشش آمیز شکل میں تبدیل کیا جاتا ہے۔
سرجری کے بعد ان کا چہرہ سوج گیا تھا اور چہرے پر نیل پڑے ہوئے دکھائی دیتے تھے، سرجری کروانے کے بعد ان کی اپنی تکلیف کا اظہار کرنے کی متعدد ویڈیوز وائرل بھی ہوئی تھیں۔
ایڈیئر مینڈیز ڈوٹرا جونیئر مقامی نیوز چینلز کو انٹرویو میں بتایا تھا کہ انہیں سرجری کروانے کے بعد انفیکشن ہو گیا اور وہ ڈرماٹولوجسٹ کی نگرانی میں علاج کروا رہی ہیں۔
انہوں نے سرجری کرنے والے ڈاکٹر کے خلاف ساؤ پولو پولیس میں شکایت بھی درج کروائی، جس میں انہوں نے سنگین میڈیکل غلطی، دھوکہ دہی اور سنگین جسمانی چوٹ پہنچانے کے الزامات لگائے تھے۔
رپورٹ کے مطابق ڈوٹرا جونیئر کو 3 اکتوبر کے دن سانس لینے میں دشواری ہوئی جس کے بعد انہیں قریبی اسپتال منتقل کیا گیا جہاں وہ انتقال کرگئیں۔
میڈیکل رپورٹس میں موت کی وجہ فوری طور پر معلوم نہیں ہوسکی لیکن کہا جارہا ہے کہ سرجری کے بعد انفیکشن کی وجہ سے ہی ہوئی ہے۔
واضح رہے کہ جونیئر ڈوٹرا کے انسٹاگرام پر 1 لاکھ 20 ہزار سے زائد فالوورز تھے اور وہ آرکیٹیکٹ اور اسٹائلسٹ بھی تھیں۔