سٹی 42 : پی ڈی ایم اے کی جانب سے خیبر پختونخوا کے بیشتر اضلاع میں 10 سے 12 مئی کی دوران تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ وقفے وقفے سے بارشوں کی پیشگوئی کی گئی ہے۔
پی ڈی ایم اے نے تمام ضلعی انتظامیہ کو الرٹ جاری کر دیا، جس میں کہا گیا ہے کہ چترال، دیر، سوات، شانگلہ، کوہستان، بونیر، مالاکنڈ، بٹگرام، مانسہرہ اور ایبٹ آباد میں تیز بارش متوقع ہے۔ اس کے علاو ہ پشاور، مردان، نوشہرہ، چارسدہ، صوابی، کوہاٹ، کرم، اورکزئی، خیبر، باجوڑ، مہمند، بنوں، لکی مروت، ڈی آئی خان اور ٹانک میں بھی بارش اور آندھی کا امکان ہے۔
پی ڈی ایم اے کی رپورٹ کے بارشوں کے باعث بالائی اضلاع میں لینڈ سلائیڈنگ جبکہ مختلف علاقوں میں ندی نالوں میں طغیانی کا خدشہ ہے۔ بارشوں کے باعث چترال، دیر، سوات، شانگلہ، مالاکنڈ، بونیر، ایبٹ آباد اور کوہستان میں فلیش فلڈنگ کا بھی خطرہ ہے۔ اس کے علاوہ بارشوں کے باعث میدانی علاقوں پشاور، مردان اور نوشہرہ میں اربن فلڈنگ کا خدشہ ہے جس کے پیشِ نظر شہریوں کو احتیاط کی ہدایت کی گئی ہے۔
رپورٹ میں تیز ہواؤں اور ژالہ باری سے کمزور عمارتوں، بجلی کے کھمبوں اور سولر پینلز کو نقصان کا اندیشہ ظاہر کیا گیا ہے۔ صوبے بھر میں کھڑی فصلوں کو نقصان پہنچنے کا خدشہ ہے، کسانوں کو حفاظتی اقدامات کی ہدایت کی گئی ہے۔ اس کے علاوہ ضلعی انتظامیہ کو پیشگی اقدامات، ریسکیو ٹیموں کی تیاری اور وسائل کی فراہمی یقینی بنانے کی ہدایت کی گئی ہے۔